قلات میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں کی زد میں آکر دو خواتین تین بچیاں بھی لقمہ اجل بن گئیں ، ضلعی انتظامیہ نے یونین کونسل گزگ گہور میں پیش آنے والے واقعہ سے مکمل طور پر لاعلمی کا اظہار کردیا

بدھ 9 اپریل 2014 06:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء)بلوچستان کے ضلع قلات میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں کی زد میں آکر دو خواتین تین بچیاں بھی لقمہ اجل بن گئیں جبکہ تین بچیاں زخمی ہوگئیں ضلعی انتظامیہ نے یونین کونسل گزگ گہور میں پیش آنے والے واقعہ سے مکمل طور پر لاعلمی کا اظہار کردیا تفصیلات کے مطابق ضلع قلات اور گردونواح میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہونے والے آپریشن کے دوران فضائی حملوں کی شیلنگ کی زد میں آکر یونین کونسل گزگ گہور کے رہائشی شکر خان بلوچ کی اہلیہ اور صاحبزادی ،جبکہ نور محمد کی اہلیہ اور دو صاحبزادیاں جاں بحق ہوگئیں جبکہ محمد عالمی نامی شخص کی دو بیٹیاں زخمی ہوئی ہیں قلات سے ایک سو ساٹھ کلو میٹر شمال مشرق میں واقع یہ علاقہ دور افتادہ اور دشوار گذار پہاڑی میں ہے جہاں مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے مزید معلومات میسر نہ آسکیں اس واقعہ کی تصدیق کے حوالے سے جب ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ضلعی انتظامیہ نے بھی دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے تاہم وہاں کے علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ روز پارود میں کارروائی کے دوران اس علاقے میں بھی شیلنگ اور بمباری کی گئی جس میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں