وفاقی حکومت کی خیبرپختونخواکے متعلقہ11 فیڈرزکی بجلی منقطع کرنے کی ہدایت،کلاچی ، جندوخیل ، تاجزئی،ڈومیل ، متنی، پلوسی، متھرا،کالونی ورسک ،بشام اور اسماعیل خیل فیڈرزکی بجلی بندکرنیکاکافیصلہ،جسے احتجاج اورجلوس نکالنا ہے وہ اپناشوق پورا کرلے،بجلی چوری کی روک تھام یقینی بنائینگے،عابد شیرعلی کی پریس کانفرنس، وزیر اعظم نے پیسکو کو اپنی بوسیدہ لائنیں تبدیل کرنے کیلئے چار ارب روپے کی منظوری بھی دی

بدھ 9 اپریل 2014 06:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء)وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ بجلی بحران کے خاتمے کیلئے ان فیڈرزکی بجلی منقطع کردی جائے گی جہاں پر بجلی چوری یاپھربل ادانہیں کئے جارہے ہوں اس فیصلے کی روشنی میں پیسکو حکام کوہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ خیبرپختونخواکے11فیڈرزکی بجلی مکمل طور پر بندکردی جائے۔

وہ منگل کے روز واپڈا ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا‘ اس موقع پر پیسکو چیف طارق سدوزئی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیرمملکت عابد شیرعلی نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے بعض فیڈرزپرلائن لاسز95فیصد سے زائد ہے جبکہ ریکوری بھی نہ ہونے کے برابر ہے اس لئے پیسکو حکام کے ساتھ طویل میٹنگ کے بعد کلاچی فیڈر، جندوخیل فیڈر، تاجزئی فیڈر،ڈومیل فیڈر، متنی فیڈر، پلوسی فیڈر، متھرا فیڈر،کالونی ورسک ون فیڈر،بشام فیڈر، اسماعیل خیل فیڈر کی بجلی مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جسے احتجاج کرنا ہے کرلے جسے جلوس نکالنا ہے نکال لے‘ صوبے میں امن و امان خراب ہوتاہے تو خراب ہونے دیں‘ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ ہمارا مشن بجلی چوری کی روک تھام ہے اسلئے ہم اسکی روک تھام کیلئے انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2014 ء سے سسٹم میں مزید 15 سو سے 2 ہزار میگاواٹ تک بجلی شامل کی جائیگی جبکہ مئی میں وزیر اعظم نواز شریف خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں نئے بجلی گھروں کا افتتاح کرینگے جس سے بجلی کا شارٹ فال کافی حد تک کم ہوجائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ رواں سال کے جنوری سے پیسکو حکام کی کوششوں کی وجہ سے لائن لاسز میں 7 فیصد تک کمی آئی ہے جبکہ واجبات کی مد میں 791 ملین روپے وصول کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران 103 ارب روپے کی بجلی چور ی ہونے سے بچائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاکہ جس کو جلوس نکالنا ہے وہ شوق سے نکالے‘ اس بار حکومت اس وقت تک مصلحت سے کام نہیں لے گی جس وقت تک ملک سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پیسکو کو اپنی بوسیدہ لائنیں تبدیل کرنے کیلئے چار ارب روپے کی منظوری بھی دی ہے جو جلد پیسکو کو دیدیئے جائینگے۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم بجلی پر سیاست نہیں کررہے ہیں بلکہ ملک سے بجلی چوری کا خاتمہ چاہتے ہیں اسلئے کسی ایک حلقہ یا ایک صوبے کے عوام کیلئے نہیں سوچ رہے بلکہ پورے ملک کے عوام کیلئے سوچ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :