وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب الیکشن کے انعقاد پر افغان صدر اور قوم کو مبارکباد، افغانستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر مدد اور حمایت جاری رکھیں گے ، انتخابات جمہوری سفر میں افغان عوام کیلئے تاریخی لمحہ ہے،نواز شریف

پیر 7 اپریل 2014 06:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کامیاب الیکشن کے انعقاد پر صدر حامد کرزئی اور افغان قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنی تمام تر مدد اور حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان پاکستان کا برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعظم نواز شریف نے افغانستان میں کامیاب صدارتی انتخابات کے انعقاد پر صدر حامد کرزئی اور افغان عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے ذریعے فیصلہ کرنا افغان عوام کی جمہوریت میں گہری دلچسپی کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا قریبی اور دوستانہ ہمسایہ ملک ہے اسلئے جمہوری عمل میں افغان عوام کی شرکت خطے میں امن و استحکام کیلئے اہم ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے مدد و حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن و سکون لانے کیلئے نئی افغان حکومت سے تعاون جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرح کابل میں بھی پرامن طریقے سے اقتدار منتقل ہوگا اور خواہش ہے کہ پاکستان کی طرح افغانستان میں بھی جمہوریت بہتر طریقے سے پھلے پھولے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات جمہوری سفر میں افغان عوام کیلئے تاریخی لمحہ ہے اور امید ہے کہ انتخابات افغانستان میں اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم ثابت ہوں گے۔