پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت آئندہ ہفتے سندھ حکومت میں شمولیت سمیت دیگر امور پر بات چیت کے لئے ملاقات کرے گی ،پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایم کیو ایم کے بارے میں کچھ بیانات کے باعث دونوں جماعتوں کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل پیدا ہوگیا تھا ، ملاقات میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت، ایم کیو ایم کو دی جانے والی وزارتیں، بلدیاتی نظام اور دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی

ہفتہ 5 اپریل 2014 03:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اپریل۔2014ء)پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت کے درمیان حالیہ پس پردہ رابطوں میں اس بات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے کہ آئندہ ہفتے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں ملاقات ہوگی، جس میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایم کیو ایم کے بارے میں کچھ بیانات کے باعث دونوں جماعتوں کے درمیان جاری مذاکرات میں تعطل پیدا ہوگیا تھا تاہم سابق وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے اس تعطل کو ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گزشتہ ایک ہفتے سے پس پردہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں میں رابطوں کا عمل جاری تھا اور اعلیٰ سطح پر رابطے کئے جارہے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ان رابطوں میں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور دونوں جماعتوں کی قیادت میں اس بات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے کہ اگلے ہفتے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوگی۔

ملاقات گورنر ہاؤس میں متوقع ہے۔ اس ملاقات میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت، ایم کیو ایم کو دی جانے والی وزارتیں، بلدیاتی نظام اور دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔