بھارتی سیاستدانوں کی پاکستان کے خلاف بیان بازی نظرانداز،تعلقات حکومتوں سے ہوتے ہیں شخصیات سے نہیں ،دفتر خارجہ،افغان انتخابات کے موقع پر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی سخت کردی جائے گی ،یقین ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں کے حوالے سے عالمی رائے کا احترام کرے گا،ایرانی فورسز کو سرحد کراس کرنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی وہ بین الاقوامی سرحد کراس کرسکتی ہیں ،ترجمان کی پریس بریفنگ

جمعہ 4 اپریل 2014 06:54

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء )پاکستان نے بھارتی سیاستدانوں کی طرف سے پاکستان کے خلاف بیان بازی کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے عوام نے اپنے حکمرانوں کا انتخاب خود کرنا ہے ،تعلقات حکومتوں سے ہوتے ہیں شخصیات سے نہیں ،پاکستان کا افغانستان میں انتخابات میں کوئی مفاد نہیں ، افغان عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس کو منتخب کریں ، افغان انتخابات کے موقع پر پاک افغان سرحد پر سکیورٹی سخت کردی جائے گی ، برطانوی سکیورٹی ایڈوائزر پاکستان میں افغانستان کے حوالے سے یقین دہانیاں لینے نہیں آئے تھے، یقین ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں کے حوالے سے عالمی رائے کا احترام کرے گا کوئی ملک اکیلا نہیں رہ سکتا،ایرانی فورسز کو سرحد کراس کرنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی وہ بین الاقوامی سرحد کراس کرسکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

۔جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پانچ اپریل کو افغانستان میں صدارتی انتخابات ہونگے اور نئی حکومت آئے گی افغانستان میں پرامن اور جمہوری انتقال اقتدار کا خیر مقدم کرتے ہیں امید ہے کہ دہشتگردی کے خطرات کے باوجود افغان عوام کی بڑی تعداد اپنا ووٹ کا حق استعمال کرے گی انتخابات کے موقع پر پاک افغان سرحد پر انتہائی سخت سکیورٹی کی جائے گی افغانستان میں پرامن انتخابات کرانا افغان سکیورٹی فورسز کا ایساف فورسز کی مدد سے اولین ذمہ داری ہے ۔

ہم مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں افغانستان کے صدارتی انتخابات میں ہمارا کوئی مفاد نہیں ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ برطانوی سکیورٹی ایڈوائزر افغانستان کے حوالے سے یقین دہانیاں لینے نہیں آئے تھے ان کی کئی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا وہ جامع مذاکرات بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کے دورے پر آئے تھے افغانستان میں نیٹو فورسز کا حصہ ہونے کی وجہ سے ان سے افغانستان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتکاروں کو کچھ سہولیات میسر ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ جس ملک میں رہ رہے ہیں اس کے قانون کی مکمل پابندی کریں ویانا کنونشن کے تحت کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ سفارتکاروں کے حوالے سے قانون بنا سکے، اردن کی پاکستان میں اپنی عمارت کی توسیع کے معاملے پر امید ہے کہ وہ بھی پاکستانی قانون کی پابندی کریں گے ۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ ایران کی تاریخ طے نہیں ہوئی تاہم مشترکہ وزارتی کمیشن اس حوالے سے بات چیت کررہا ہے وزیراعظم کا دورہ ایران باہمی تعلقات میں اضافے کیلئے ایک اہم اقدام ہوگا ہم اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن رکھے ہوئے ہیں ۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایرانی سکیورٹی گارڈز کے اغواء کی ہم نے مذمت کی ہے اور ان کے خاندانوں سے دکھ کا اظہار کیا ہے ایران سے تعاون کئے ہوئے ہیں ایران سے تعلقات اس پس منظر سے زیادہ وسیع ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے اچھے تعلقات ہیں جاپان کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ کا خط اقوام متحدہ میں دنیا میں ہونے والے مختلف واقعات سے متعلق تھا اس خط میں پاکستان کا ذکر نہیں ۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ڈیڑھ ارب ڈالر امداد سے متعلق وزارت خزانہ سے پوچھا جائے ۔

ڈرون حملوں کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پہلی مرتبہ اس حوالے سے قرارداد منظور ہوئی ہے بہت سے ممالک نے اس قرارداد کی حمایت کی ہے صرف چھ ووٹ مخالفت میں پڑے ہیں اس کا مقصد غیر قانونیت سے دنیا کو آگاہ کرنا تھا امریکہ سے ڈرون حملوں کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی، یقین ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں کے حوالے سے عالمی رائے کا احترام کرے گا کوئی ملک اکیلا نہیں رہ سکتا ۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز کو سرحد کراس کرنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی وہ بین الاقوامی سرحد کراس کرسکتی ہیں ۔ بھارت میں انتخابات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ بھارتی عوام نے انتخابات میں خود اپنے لئے حکومت کا انتخاب کرنا ہے تعلقات ریاستوں کے درمیان ہوتے ہیں شخصیات کے درمیان نہیں ہوتے ۔