وفاقی وزیرخزانہ واقتصادی امور نے مشرق وسطیٰ کے بینکوں کوسٹاک ایکسچینج میں ٹریژری بلوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی،پہلی مرتبہ حکومت نے سٹاک ایکسچینج میں حکومتی بلوں کے لین دین کاموقع دیاہے،محمداسحاق ڈار، ترسیلات زرمیں 11.2فیصدبہتری آئی ہے ادائیگیوں کے توازن میں مددملی ہے،امیدہے کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں مزیدغیرملکی ترسیلات آنے سے بہتری آئے گی ۔ اخراجات کے بہترانتظام سے جولائی سے فروری کے دوران مالیاتی خسارہ کم کرنے میں مددملی ہے،دوبئی اسلامی بینک ،مشرق بینک ،عمارات اسلامی بینک،حبیب بینک ،حبیب اے جی زیڈبینک ،ای این بی ڈی اے ایم بینک اوریونائیٹڈبینک لمیٹڈکے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 06:00

دوبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ واقتصادی امورسینیٹرمحمداسحاق ڈارنے مشرق وسطیٰ کے بینکوں کوسٹاک ایکسچینج میں ٹریژری بلوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ پہلی مرتبہ حکومت نے سٹاک ایکسچینج میں حکومتی بلوں کے لین دین کاموقع دیاہے ۔بدھ کویہاں دوبئی اسلامی بینک ،مشرق بینک ،عمارات اسلامی بینک،حبیب بینک ،حبیب اے جی زیڈبینک ،ای این بی ڈی اے ایم بینک اوریونائیٹڈبینک لمیٹڈکے نمائندوں سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے کہاکہ 1990ء کی دہائی میں مشرق وسطیٰ کے بینکوں تک پاکستان کیلئے قرضہ کی سہولت کوتوسیع دی گئی تھی اورحال ہی میں بھی اسی قسم کی ایک سہولت متعارف کرائی گئی ہے ،پاکستانی مارکیٹ تیزی سے پھیل رہی ہے اوراس قسم کی مالیاتی سہولیات کی بحالی ضروری ہے ،اس سے بینکوں کوبھی فائدہ ہوگا،پاکستان کی معیشت کاجائزہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیراہے اورتقریباًتمام اقتصادی عشاریئے بہترہیں ۔

(جاری ہے)

مالیاتی سال کے پہلے نصف میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں 6.8فیصدبہتری ہوئی ہے جس سے معیشت کی مجموعی ترقی کااشارہ ملتاہے ۔انہوں نے کہاکہ نجی شعبے کوقرضے کی حدجولائی سے مارچ 2014ء کیلئے بڑھاکر8.7فیصدکی گئی ہے جوگزشتہ مالی سال میں منفی 0.8فیصدتھی ۔وزیرخزانہ نے کہاکہ جولائی سے فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پربرآمدات کے بھی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اوراس عرصے میں 6.8فیصدبہتری ہوئی ہے ۔

توقع ہے کہ جی ایس پی پلس درجے کاسلسلہ شروع ہونے سے اس میں مزیدتیزی آئے گی ۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ترسیلات زرمیں 11.2فیصدبہتری آئی ہے جس سے ادائیگیوں کے توازن میں مددملی ہے اورامیدہے کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں مزیدغیرملکی ترسیلات آنے سے بہتری آئے گی ۔اسحاق ڈارنے کہاکہ اخراجات کے بہترانتظام سے جولائی سے فروری کے دوران مالیاتی خسارہ کم کرنے میں مددملی ہے اوریہ 3.1فیصدرہاہے جوگزشتہ مالی سال کے دوران اس عرصے میں 4.1فیصدتھا۔فیڈرل بیوروآف ریونیوکی جولائی 2013ء سے فروری 2014ء تک وصولی 1348ارب روپے رہی ہے جوگزشتہ سال اس عرصے میں 1145ارب روپے تھی اس طرح محصولات میں 17.7فیصداضافہ ہواہے ۔

متعلقہ عنوان :