پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس،خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی کاروباری شراکت نہ کرنے کا فیصلہ ، امریکی حکام کے ہاتھوں پارلیمنٹرینز کی توہین کو ناقابل قبول قرار د ے دیا امریکہ کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے تک امریکہ کے سرکاری دوروں کے بائیکاٹ کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا ،پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے ممبران اسمبلی کی جانب سے بنائے گئے فاروڈبلاک کے مطالبات تسلیم نہ کرنے کافیصلہ،اجلاس میں پنجاب کے اراکین اسمبلی کے کردار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا

جمعرات 3 اپریل 2014 05:59

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے خیبرپختونخواہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی کاروباری شراکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی سے مفادات کے تصادم کے قانون (Conflict of intrence lay)کی فوری منظوری کی سفارش کی ہے۔ اس کے ساتھ امریکی حکام کے ہاتھوں پارلیمنٹرینز کی توہین کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے امریکہ کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے تک امریکہ کے سرکاری دوروں کے بائیکاٹ کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا ہے اور ڈرون حملوں کے خلاف شاندار جدوجہد کرنے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس چیئرمین عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کور کمیٹی کے اراکین میں سے کوئی بھی خیبرپختونخواہ کی حکومت سے کسی قسم کی کوئی کاروباری شراکت داری نہیں کریگا، اس کے ساتھ اجلاس میں خیبرپختونخواہ حکومت سے مفادات کے تصادم کے قانون کی صوبائی اسمبلی سے فوری منظوری کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

آج کے اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے کور کمیٹی کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبے میں کسی بھی عزرداری کے بغیر حلقہ بندیوں کی تکمیل کے بعد 30اپریل کو انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کے مطابق مقامی حکومتوں کے انتخابات میں تاخیر کی وجہ الیکشن کمیشن کی رضامندی ہے کیونکہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ میشن اور بائیو میٹرک سسٹم کے نفاذ کے لئے الیکشن کمیشن اور نادرا سے رجوع کر چکی ہے جبکہ ان اداروں کی جانب سے مسلسل عدم دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن اور نادار کی سرد مہری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقا دمیں صوبائی حکومت کی معاونت پر زور دیتے ہوئے پورے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے آج کے اجلاس میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رائے دہی کا حق دینے کیلئے پورا عمل فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا اور اس سلسلے میں ضروری آئینی ترامیم اور مسودہ قانون پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

امریکہ کی جانب سے پاکستانی سیاستدانوں سے روا رکھنے جانے والے غیر مناسب رویے کے خلاف بھرپور رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے گذشتہ فیصلے کا اعادہ کیا اور یہ طے کیا کہ مرکز یا صوبے سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی امریکہ کی جانب سے باضابطہ معافی مانگنے تک امریکہ کے سرکاری دوروں کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے اور امریکہ کے سفر سے گریز کرینگے۔

ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج میں ثابت قدم رہنے اور امریکی انتطامیہ کو ڈرون حملے روکنے پر مجبور کرنے کیلئے کیے گئے احتجاج پر کارکنان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے اعتراف کیا کہ کارکنان کے اسی احتجاج کی بدولت حکومتِ پاکستان اقوام متحدہ میں ڈرون مخالف قرار داد پیش کرنے پر مجبور ہوئی ۔ اپنے آج کے اجلاس میں پارٹی کے 18ویں یوم ِ تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں25اپریل ایک عظیم الشان کنونشن کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے ممبران اسمبلی کی جانب سے بنائے گئے فاروڈبلاک کے مطالبات تسلیم نہ کرنے کافیصلہ کرلیاگیا۔پارٹی کے مرکزی رہنماوٴں نے عمران خان کومشورہ دیاہے کہ فاروڈبلاک کے مطالبات کومنظورنہ کیاجائے کیونکہ اس کی وجہ سے پارٹی میں مزیدتفریق پیداہوگی اورخیبرپختونخواہ حکومت عملی طورپرتقسیم ہوجائے گی۔باخبرذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوٴں نے پارٹی سربراہ عمران خان کومشورہ دیاہے کہ خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی کی جانب سے بنائے گئے فاروڈبلاک کامقصدوزارتوں کاحصول ہے اورتحریک انصاف خیبرپختونخواہ کی حکومت کوتقسیم کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے ،ذرائع کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت نے فاروڈبلاک کے ممبران کے ساتھ صلاح مشورے کے ساتھ معاملات طے کرنے اورپارٹی کی پالیسی پرعملدرآمدکاانہیں پابندبنانے کابھی مشورہ دیاہے ،تاہم عمران خان نے خیبرپختونخواہ حکومت پرزوردیاہے کہ پارٹی کے اندراس قسم کی تفریق کوفوری طورپرختم کیاجائے اوراندرونی سیاست کوجھگڑوں سے بچ کرکارکردگی کوبہتربنانے پرتمام توجہ مرکوزکی جائے ۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخواہ قربان علی کی سربراہی میں پارٹی کے اندربننے والے فاروڈبلاک کامقصدوزارتوں کاحصول ہے اوربعض ممبران صوبائی اسمبلی قربان علی کوالیکشن کے وقت ٹکٹ دیئے جانے کے بھی مخالف تھے ،کیونکہ 2013ء کے انتخابات سے کچھ عرصہ قبل ہی قربان علی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی تھی اورغالب امکان یہی ظاہرکیاجارہاتھاکہ انہیں صوبائی یاقومی اسمبلی کی کسی نشست کیلئے ٹکٹ جاری نہیں کیاجائیگا،تاہم اس کے باوجودانہیں ٹکٹ جاری کیاگیااوروہ کامیاب بھی ہوگئے،مگراس کے بعدخیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی بننے والی حکومت میں قربان علی خان کوکوئی وزارت نہیں دی گئی تھی جس کے باعث انہوں نے کچھ دیگرممبران صوبائی اسمبلی کوملاکرایک فاروڈبلاک بنالیاتاکہ وہ اپنے کچھ ساتھیوں سمیت وزارتیں حاصل کرکے اپنااثرورسوخ بڑھاسکیں۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف پنجاب کے اراکین اسمبلی کے کردار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید پر سخت تنقید کی گئی اور ان تحفظات کا بھی اظہار کیا گیاکہیں محمود الرشید اپنے بھائی کی نوکری کی خاطر غیر موثر اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا تو نہیں کررہے ۔

ذرائع کیمطابق کو ر کمیٹی کے ارکان نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی طرف سے بھر پور اپوزیشن کا موثر کردار ادا نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ۔ذرائع کیمطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جلد خود چیئر مین عمران خان بلائیں گے جس میں عمران خان انہیں عوامی مسائل پر بھر پور کردار ادا کرنے کے احکامات دیں گے۔

ذرائع کی مطابق پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا یہ کمیٹی تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ پارٹی چیئرمین اور کور کمیٹی کو دیا کریگی ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید پر کڑی تنقید کی گئی۔