خیبرپختونخوا حکومت کے تبدیلی اور شفافیت پر مبنی اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہیں،لارس گنروگن مارک،وزیر اعلیٰ کے ویژن اور لیڈرشپ کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے ،اُنہوں نے انتخابات کے بعد اجتماعی کوششوں کو یکجا کرکے ٹیم ورک کے ساتھ ایک سال سے بھی قلیل مدت میں مثبت تبدیلیاں کیں جو نظر آنے لگی ہیں،یورپی یونین سفیر

بدھ 2 اپریل 2014 04:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء)یورپی یونین کے سفیر لارس گنر وگن مارک نے خیبرپختونخوا حکومت کے تبدیلی اور شفافیت پر مبنی اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے اس پر پوری مستقل مزاجی اور کامیابی سے عمل درآمد کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی مدبرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے اُنہوں نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُنکے ویژن اور لیڈرشپ کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے کیونکہ اُنہوں نے انتخابات کے بعد سے اپنی حکومت کی اجتماعی کوششوں کو یکجا کرکے ٹیم ورک کے ساتھ ایک سال سے بھی قلیل مدت میں مثبت تبدیلیاں کیں جو نظر آنے لگی ہیں اُنکے دیگر اقدامات میں ایک غیر ملکی امداد کیلئے پارٹنر شپ فریم ورک اور مربوط ترقیاتی حکمت عملی کی تشکیل ہے جس پر ماضی میں دھیان نہیں دیا گیا وہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے اعزاز میں اپنی سفارتی رہائش گاہ پر دیئے گئے عشائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سینئر وزیر برائے خزانہ سراج الحق، سینئر وزیر برائے صحت و زراعت شاہرام خان ترکئی،وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے معاشی اُمور فاقت الله بابر، پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی وترقیات میاں خلیق الرحمن، وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین دلروز خان ، چیف سیکرٹری محمد شہزاد ارباب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خالد پرویزکے علاوہ صوبائی حکومت کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے مقررکردہ اہداف موجودہ حالات میں چیلنج سے کم نہیں اُنہوں نے کہا کہ امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کی بہتری کے ساتھ ساتھ صوبے میں سیاسی کلچر میں تبدیلی اور اٹھارویں ترمیم کے بعد کی صبر آزما ضروریات کی تکمیل کوئی معمولی بات نہیں اُنہوں نے یقین دلایا کہ یورپی یونین اور ترقیافتہ ممالک ان چیلنجوں سے نمٹنے میں وزیر اعلیٰ کو اکیلے نہیں چھوڑیں گے تمام امدادی ادارے اُن کا ساتھ دیں گے اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے مشکل سماجی حالات کے پیش نظر ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ایک بھوکا شخص غصہ بھی کر تا ہے یورپی یونین صوبے میں غربت،پسماندگی اور بیروزگاری سے نمٹنے میں صوبائی حکومت کا پورا ساتھ دے گی وہ دیگر امداد ی اداروں اور دوست ممالک کو بھی سلوٹ کرتے ہیں جو صوبے کے عوام بالخصوص کمزور ترین طبقوں یعنی خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود اور بہتر مستقبل کیلئے نئے عزم کے ساتھ اکھٹے ہوگئے ہیں اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ ہم پاکستان کے چاروں صوبوں پر یکساں توجہ دے رہے ہیں تاہم ہمیں خیبرپختونخوا کو درپیش مخصوص چیلنجوں کا بھی احساس او ر اعتراف ہے جہاں کے لوگ گزشتہ دس برسوں سے زائد عرصے کے دوران تشدداور خونریزی کے واقعات سے متاثر ہوتے آرہے ہیں اسلئے خیبرپختونخوا ہمارے خصوصی توجہ کا مستحق ہے یورپی یونین اپنے سات سالہ ترقیاتی پروگرام میں تعلیم، دیہی ترقی اور جمہوریت و انسانی فلاح و بہبود کے تین اہم شعبوں کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبے شروع کرے گی یورپی یونین کے جی پی ایس پلس مارکیٹ کے تحت ہم صوبے کے عوام کی مدد بذریعہ تجارت کو بھی فروغ دیں گے اور ہم اُمید رکھتے ہیں اس کی وجہ سے صوبہ اور یہاں کے محنتی لوگ ترقی کی راہ پر گامزن ہو ں گے پرویز خٹک نے اپنے کلمات تشکر میں کہا کہ مدد بذریعہ تجارت کی بدولت نہ صرف خیبرپختونخوا کے عوام زیادہ مستفید ہوں گے بلکہ یورپی یونین اور عالمی برادری سے ہمارے تعلقات اور خیر سگالی کے جذبات میں اضافہ ہو گا ۔