ائیر چیف مارشل طاہر رفیق کا نادرن ائیرکمانڈ آپریشنل بیس کا دورہ، پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا

بدھ 2 اپریل 2014 04:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کی نادرن ائیرکمانڈ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا ۔ان کی بیس آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ دورے کا مقصد بیس پر موجود پاک فضائیہ کے آپریشنل اثاثہ جات اور مختلف تنصیبات کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا ۔

پاک فضائیہ کے سر براہ ائیر مینوں سے ملے اور ان کی تن دہی اور دی گئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کے جذبے کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعا دہ کیا کہ اس پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ پاک فضائیہ کو ہر قسم کے حالات سے نبرد آزما ہو نے کے لئے تیار رکھا جا سکے۔ ائیر چیف اس بات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ جو لوگ اپنی مادرِوطن کی عظمت کے لئے مخلصانہ کو ششیں کرتے ہیں اللہ تعالٰی انہیں دونوں جہانوں میں اس کا بہترین اجر دیتا ہے۔قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی آمد پر ائیر وائس مارشل ارشد ملک ، ائیر آفیسر کمانڈنگ ، ناردرن ائیر کمانڈ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔