وزیردفاع کی پرویز مشرف کی والدہ کو ایئرایمبولینس کے ذریعے لانے کی پیشکش،اسمبلی میں بحث کے دوران مشرف کے حواریوں پر برس پڑے،اب ملک میں کبھی مارشل لاء نہیں لگے گا ،آمریت آئی تو پھر ملک نہیں رہے گا،مشرف کو اس کے کئے کی سزا ضرور ملے گی،کل تک نواز شریف کو ملک آنے سے روکنے والا آج خود مکافات عمل کا شکار ہے،اسمبلی میں خطاب

منگل 1 اپریل 2014 06:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء)قومی اسمبلی میں سابق آمر پرویزمشرف کیخلاف عدالتی فیصلے پر بحث،وزیردفاع خواجہ آصف حکومت اور اپوزیشن میں بیٹھے مشرف کے حواریوں پر برس پڑے،مشرف کی والدہ کوایئرایمبولینس کے ذریعے لانے کی پیش کش کر دی اور کہا کہ معلوم نہیں آمریت کے ہاتھ مضبوط کرنے والے کس طرح عوامی نمائندگی کیلئے ایوان میں آجاتے ہیں، اب ملک میں کبھی مارشل لاء نہیں لگے گا اگر اب آمریت آئی تو پھر ملک نہیں رہے گا،مشرف کو اس کے کئے کی سزا ضرور ملے گی،کل تک نواز شریف کو ملک آنے سے روکنے والا آج خود مکافات عمل کا شکار ہے۔

پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عدالت نے پرویز مشرف کو سزا دے کر مثال قائم کی اور آئین کے غدار پر فرد جرم عائد ہوئی،اب اس پر کیس چلے گا اور اس کو مثال بنانے کیلئے سزا ضرور ملنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو منتخب کرنے کیلئے ووٹ ڈالا جس کا افسوس ہے، وزیراعظم میاں نواز شریف کے بارے میں پیشن گوئی کرتے تھے کہ واپس نہیں آئیں گے لیکن ہم آئے، پرویز مشرف کی والدہ کو ائرایمبولینس کے ذریعے پاکستان لاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ پرویز مشرف کی وجہ سے ہے،پرویز مشرف کے حامیوں کو قانون قدرت کو دیکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے کا احترام کیا جائے،حکومت پرویز مشرف کے معاملے پر دباؤ کا شکار نہیں ہے اور پرویز مشرف کے مالشئے سن لیں ،انہیں سزا ضرور ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا،اب لگا تو ملک نہیں رہے گا،آئین شکن اور عام مجرم کے لئے قانون برابر ہے۔ایمرجنسی کو قانونی شکل دینے کیلئے ووٹ ڈالنے والوں کو شرم آنی چاہئے،حکومت ملک کو ترقی کے سفر میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کریں گے ،قانون وآئین شکنی گھناؤنا جرم ہے۔