وزیراعظم نوازشریف کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی ہدایت، پیٹرول 1روپیہ 72پیسے ، ڈیزل 2روپے 90پیسے سستا ہو گیا ،وزیراعظم کی چاروں صوبائی ، گلگت ، بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ریلیف کوعوام تک پہنچانے میں دلچسپی کی ہدایت

منگل 1 اپریل 2014 06:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء)وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کی ہدایت کردی۔وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق پٹرول کی قیمت ایک روپے 72پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108روپے 31پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ہائی اوکٹین کی قیمت میں 4روپے 66پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 136روپے 57پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت میں 2روپے 90پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 113روپے 85پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5روپے 61پیسے فی لیٹر کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 101روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے یہ فیصلہ ڈالر کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہچانے کے لیے کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوارشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کرنے کی ہدایت کردی ہے،نئی قیمتوں کا اطلاق آج(بروز منگل) سے کردیاگیاہے۔پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے72 پیسے کمی کی گئی ہے،فیصلہ ڈالر کی قدر میں کمی اور پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے۔وزیراعظم ترجمان کے مطابق ہفتے کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا تھا۔

ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو مطلع کیا تھا کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر98روپے پر آگئی ہے جس کے درآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے،وزیراعظم نوازشریف نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے کر وزیرخزانہ کو کرنسی کی قدر میں بہتری آنے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کی،اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی جن کا اطلاق آج یکم اپریل(بروز منگل) سے ہو گیا ہے،پٹرولیم مصنوعات کی نئی مقرر شدہ قیمتوں کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے72 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے اور سابقہ قیمت110روپے3پیسے فی لیٹر سے کمی کر کہ108روپے31پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر2روپے90پیسے کمی کی گئی ہے جس سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت جو کہ قبل ازیں116 روپے75 پیسے فی لیٹر تھی کم ہوکر113روپے85 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے،کیروین آئل(مٹی کے تیل) کی قیمت میں5روپے61پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

مٹی کا تیل جو کہ پہلے106 روپے76 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا تھا وہ نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد اب101روپے15پیسے فی لیٹر پر آگیا ہے،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں5روپے16 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اب نئے نرخوں کے اطلاق کے بعد لائٹ ڈیزل کے نرخ فی لیٹر100روپے22پیسے سے کم کرکے95روپے06پیسے فی لیٹر کر دئیے گئے ہیں۔ہائی آوکٹین بلینڈنگ کمپونینٹ کی قیمت میں وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق4روپے66پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے،ہائی اوکٹین کے141روپے23پیسے فی لیٹر سے کم ہوکر136روپے 57پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

ادھروزیراعظم محمدنوازشریف نے چاروں صوبوں اورگلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ کوخط کے ذریعے ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدرمیں بہتری اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ملنے والے ریلیف کوعوام تک پہنچانے میں ذاتی دلچسپی لینے کی ہدایت کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف ،خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک ،سندھ کے وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ اوربلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک اورگلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ سیدمہدی شاہ کوخطوط بھیجے ہیں ان خطوط میں وزیراعظم نوازشریف نے واضح کیاہے کہ امریکی ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدرمیں بہتری اوراس کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث پٹرولیم درآمدی مصنوعات کے نرخوں میں 5فیصدکمی واقع ہوئی ہے ۔

وزیراعظم نے خط میں واضح کیاہے کہ وقت کااولین تقاضاہے کہ سستی درآمدات اورسستے ذرائع نقل وحمل کابراہ راست فائدہ پاکستانی عوام کوپہنچایاجائے ۔وزیراعظم نے اس حوالے سے شہروں کے مابین اوراندرون شہرچلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہونے کی توقعات بھی ظاہرکی ۔وزیراعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کولکھے گئے خطوط میں ٹرانسپورٹ اورذرائع نقل وحمل میں کمی کے باعث اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں بھی کمی ہونے کی توقع ظاہرکرتے ہوئے وزراء اعلیٰ کوہدایت کی ہے کہ وہ اس ریلیف کے اچھے ثمرات عوام تک پہنچانے کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لیں اوراس حوالے سے معاملات پرنظرثانی کرتے رہیں ۔قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کی بھی منظوری دی ہے ۔