اسحاق ڈار سے ایس پی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین انصر پرویز کی ملاقات ، چیئرمین نے وزیر خزانہ کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے کراچی میں مجموعی طور پر دوہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے دوایٹمی بجلی گھروں کے مالی پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا،وزیرخزانہ کی ایٹمی بجلی کے منصوبوں کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:20

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایس پی ڈی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین انصر پرویز نے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے ایٹمی بجلی کے منصوبوں کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔جمعہ کے روز ہونے والی ملاقات میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے کراچی میں مجموعی طور پر دوہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت والے دوایٹمی بجلی گھروں کے مالی پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی ۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو دو ہزار میگاواٹ کی پیداواری استعداد کے حامل دو نیوکلیئر پاور پلانٹس کینپ II اور III کے مالیاتی پہلوؤں کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزارت خزانہ کی جانب سے جوہری توانائی سے چلنے والے منصوبوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس تھرمل ذرائع کی نسبت کم قیمت بجلی پیدا کریں گے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق بہت زیادہ ہے جس کے باعث شدید لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے جس سے روزمرہ زندگی اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، مشیر وزارت خزانہ رانا اسد امین اور وزیر خزانہ کے معاون خصوصی شاہد محمود بھی موجود تھے۔