ملک بھرمیں مواصلاتی جال پھیلانے اورٹیلی سنٹروں کے قیام کیلئے ورکنگ پیپرتیارکیاجائے ،اسحاق ڈار،اس سلسلے میں تمام متعلقہ شراکت داروں بشمول سروس پرووائیڈرز، آزادکشمیر،گلگت بلتستان اورچاروں صوبائی حکومتوں کوبھی اعتمادمیں لیاجائے ،وزیرخزانہ کی اجلاس میں ہدایت

جمعرات 27 مارچ 2014 07:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے یونیورسٹل سروسزفنڈ(یوایس ایف)کی جانب سے ملک بھرمیں مواصلاتی جال پھیلانے اور500ٹیلی سنٹروں کے قیام وسہولیات کی فراہمی کوسراہتے ہوئے وزارت انفارمیشن وٹیکنالوجی کوہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ شراکتداروں بشمول سروس پروائیڈزکواعتمادمیں لیتے ہوئے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے جلدہی ایک ورکنگ پیپرتیارکیاجائے ۔

انہوں نے اس حوالے سے آزادکشمیر،گلگت بلتستان اورچاروں صوبائی حکومتوں کوبھی اعتمادمیں لیکروہاں قائم ہونیو الے مجوزہ ٹیلی سنٹرمیں مزیدالیکٹرانک سہولیات کومنصوبے میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔بدھ کے روزوزارت خزانہ میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارنے یونیورسٹل سروسزفنڈکمیٹی (یوایس ایف)کی جانب سے ملک بھرمیں مواصلاتی رابطے کاجال پھیلانے کی تجویز،بنیادی سوچ اوراس کے اثرات کوسراہاہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس موقع پریوایس ایف کے حکام نے اجلا س کے شرکاء کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے مطلع کیاکہ ملک بھرمیں 500ٹیلی سنٹرزکاقیام عمل میں لایاجائیگا،جس کے تحت ہرایک ٹیلی سنٹرمیں براڈبینڈانٹرنیٹ کمپیوٹرسسٹم اورنادراکی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائیگا۔ملک کے قبائلی علاقہ جات میں بھی 7جگہوں پرٹیلی سنٹرقائم کئے جائیں گے جبکہ اس حوالے سے شمالی وجنوبی وزیرستان ایجنسیوں سمیت تمام قبائلی علاقہ جات میں سروے مکمل کرلیاگیاہے ۔

پنجاب حکومت کی درخواست پرپنجاب میں قائم کئے جانے والے ٹیلی سنٹروں میں براڈبینڈنادرااورکمپیوٹرسسٹم انٹرنیٹ کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لینڈریکارڈبھی مرتب کیاجائیگا۔دوردرازعلاقوں کے رہائشی عوام ان ٹیلی سنٹروں کے ذریعے مزیدالیکٹرانک سہولیات سے بھی استفادہ کرسکیں گے ۔یوایس ایف حکام نے وزیرخزانہ کومطلع کیاکہ ان ٹیلی سنٹروں کے قیام سے مقامی افرادمعلومات تک رسائی اورمواصلاتی ٹیکنالوجی کی بہترفراہمی ممکن ہوسکے گی جس سے ان کوجدیدطریقہ کارکے مطابق سیکھنے اوررابطہ کی سہولیات میسرہوگی ۔

وزیرخزانہ کوبتایاگیاکہ یوایس ایف کی جانب سے قائم کئے جانے والی ٹیلی سنٹروں میں موبائل سم کارڈکی بائیومیٹرک طریقہ کارکے تحت تصدیق،پیدائش واموات کاتفصیلی ریکارڈمرتب کرنے اورنوجوانوں کوکمپیوٹرکی تربیت فراہم کرنے جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔جبکہ دوسرے مرحلے میں اس بات کی قوی امیدہے کہ یہی ٹیلی سنٹرعوام کوالیکٹرانک صحت ،الیکٹرانک تعلیم وتربیت اورالیکٹرانک زراعت اورالیکٹرانک تجارت کی سہولیات بھی فراہم کرسکیں گے ۔

اس موقع پروفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان نے کہاکہ منصوبہ سے نہ صرف مقامی افرادکوروزگارکے مواقع فراہم ہوں گے بلکہ کاروبارکے نئے راستے بھی کھلیں گے ۔انوشہ رحمان خان نے کہاکہ منصوبہ کے تحت دی جانے والی سہولیات سے ملک میں تعلیم پرکھڑی مضبوط معیشت کاحکومت کے ویژن کے مطابق حصول ممکن ہوگا۔اس موقع پروزیرخزانہ نے اس منصوبے کوسراہتے ہوئے کہاکہ اس کی تکمیل سے ملک میں سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ میں مددملے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے منشورکے عین مطابق منصوبہ سے نہ صرف دیہی ودوردرازعلاقوں میں عوام کوبنیادی سہولیات فراہم ہوسکیں گی بلکہ اس سے ان علاقوں میں 20سے25برس کے نوجوانوں کے لئے روزگارکے بہترمواقع بھی فراہم ہوں گے ۔اس موقع پروفاقی وزیرخزانہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کوہدایت کی کہ دیہی ودوردرازعلاقوں میں مواصلات کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ے تمام متعلقہ شراکت داروں بشمول سروس پروائیڈزکواعتمادمیں لیکردرپیش مسائل کے حل کیلئے ایک ورکنگ پیپرتیارکیاجائے ۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام صوبائی حکومتوں ،گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اورآزادکشمیرکی حکومت کوبھی اعتمادمیں لیاجائے تاکہ وہ بھی ان ٹیلی سنٹرکے قیام میں الیکٹرانک صحت ،بینکنگ اورتعلیم وتربیت کی سہولیات کوشامل کرسکیں ۔