امریکی کانگریس کی کمیٹی نے یوکرائن کے لئے نئے مالیاتی معاونت بل کی منظوری دے دی، پاکستان کو دی جانے والی سالانہ 1.5ارب ڈالر کی امداد میں سے 10ملین ڈالر کی کٹوتی کردی گئی، بل مزید کارروائی کیلئے ایوان نمائندگان کو بھیجا جائے گا

جمعرات 27 مارچ 2014 07:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) امریکہ نے یوکرائن کی مالی مدد کیلئے پاکستان کو دی جانے والی سالانہ 1.5ارب ڈالر کی امداد میں سے 10ملین ڈالر کی کٹوتی کردی ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس کی کمیٹی نے یوکرائن کے لئے نئے مالیاتی معاونت بل کی منظوری دی ہے جس میں پاکستان کو کیری لوگر بل کے تحت دی جانے والی امداد کا کچھ حصہ کم کرکے یوکرائن کو دیا جائے گا اس بل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سالانہ 1.5ارب ڈالر کی جو امداد دی جاتی ہے اس میں سے دس ملین ڈالر کاٹ کر یوکرائن میں نشریاتی پروگراموں کیلئے مختص کی جائے جس میں بالکان ، روس ، تاتار زبانوں کی ریڈیو فری یورپ، ریڈیو لبرٹی اور وائس آف امریکہ کے پروگرام شامل ہیں پر صرف کی جائے اس قانون سازی کو ایچ آر فور ٹو سیون ایٹ یوکرائن سپورٹ ایکٹ کا نام دیا گیا ہے جو ایوان کی خارجہ کمیٹی سے مرحلہ وار منظور کیا گیا ہے یہ بل گزشتہ ہفتے کمیٹی کے چیئرمین ایڈروئس اور ایک اور عہدیدار ایلیوٹ اینگل نے متعارف کروایا تھا جس میں یوکرائن کی خود مختاری اور اس کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے امریکی مالی معاونت کی درخواست کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

امریکی انتظامیہ نے یہ امداد امریکی بجٹ سے دینے کی بجائے پاکستان کو کیری لوگر برمن بل جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مالی امداد دی جاتی ہے اور اس کو پاکستان ایکٹ 2009ء کا نام دیا گیا تھا جس میں سالانہ پاکستان کو 1.5ارب ڈالر کی امداد دی جاتی تھی لیکن امریکی حکام نے پاکستان کی بجٹ میں سے دس ملین ڈالر کی امداد پر کٹ لگا کر اس کو ایچ آر 4278بل کا حصہ بنایا ہے جو یوکرائن میں استعمال ہوگی ۔ کانگریس کے رکن ایڈ روئس نے کہا کہ ہمارے خیال میں پاکستان میں نشریاتی عمل کیلئے جو رقم استعمال کی جانی تھی اس میں سے یہ رقم یوکرائن میں استعمال کی جائے گی اس بل کو مزید کارروائی کیلئے ایوان نمائندگان کو بھیجا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :