کراچی میں انسداد دہشت گردی کی مزید عدالتوں کے قیام اور مجرموں کو سزاوں پر عمل درآمد سے قیام امن میں مدد ملے گی،شاہد حیات ،جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لئے عوام کی مدد ضروری ہے،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد قتل کی وارداتوں میں کمی ہوئی لیکن اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا ، ایڈیشنل آئی جی کا تاجروں سے خطاب،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 26 مارچ 2014 06:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا ہے کہ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی مزید عدالتوں کے قیام اور مجرموں کو دی جانے والی سزاوں پر عمل درآمد سے امن قائم کرنے میں مدد ملے گی،جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لئے عوام کی مدد ضروری ہے،کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد قتل کی وارداتوں میں کمی ہوئی لیکن اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا ۔

وہ منگل کو فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا کہ کراچی میں 80 فیصد جرائم کی وجہ غیر قانونی موبائل سمز ہیں،انہوں نے کہا کہ مشہورفیشن ڈیزائنرکے نام پربھی سمزجاری کی گئی تھیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم سے بھی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کئے جانے کے بعد حالات قدرے بہتر ہوئے ہیں، گزشتہ 6 ماہ کے دوران پولیس نے 70 اغوا کاروں کو گرفتار کیا جبکہ گزشتہ دنوں 2 انتہائی مطلوب اغوا کار مقابلے میں مارے گئے۔

مجرموں کو سزا دینے کے لئے کوششیں تیز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 5 نئی انسداد دہشت گردی کی عدالتیں قائم کی ہیں، جن سے مجرموں کو سزائیں سنانے میں تیزی آئے گی۔کراچی پولیس کے سربراہ نے کہا کہ شہر کی آبادی کے مقابلے میں پولیس کی نفری انتہائی کم ہے، جسے پورا کرنے کے لئے پولیس میں جلد ہی 11 سو ریٹائرڈ فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

پولیس کے پاس موجود 1300 موبائل وینز میں سے صرف 700 کارآمد ہیں اور 30 اہلکاروں کے لئے ایک موبائل وین ہے، سندھ حکومت کی کانب سے موبائل ملنے میں تاخیر ہوسکتی ہے اس کے علاوہ ان کے ذریعے بعض اوقات جائے وقوعہ پر پہنچنے میں تاخیر بھی ہوتی ہے ۔شاہد حیات نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے150 موٹر سائیکلوں کا اسکواڈ ترتیب دے رہے ہیں جو موٹر سائیکلوں پر موقع پر پہنچیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ شہر میں امن قائم کرنے کے لیے دہشتگردی کی عدالتوں سے سزائیں دینے کی رفتار مزید تیز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایف بی ایریاصنعتی ایسوسی ایشن کو10 اہلکار15 اپریل تک فراہم کردئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :