حکومت بجلی کی طلب و رسد میں کمی کو پورا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ، عابد شیر علی ، پاور سیکٹر سے کنڈاازم، بجلی چوری، رشوت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر دیا جائے گا،بجلی چوری ناقابل ضمانت جرم ہے بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا ، فیسکو کے ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 25 مارچ 2014 06:59

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ منتخب حکومت بجلی کی طلب و رسد میں کمی کو پورا کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ پاور سیکٹر سے کنڈاازم، بجلی چوری، رشوت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر دیا جائے گا بجلی چوری ناقابل ضمانت جرم ہے بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا یہ باتیں انھوں نے فیسکو کے ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر کہیں۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو خورشید عالم ،بی او ڈی کے ڈائریکٹر جاوید کمال اوردیگر فیسکو افسران بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت طویل المدتی ،وسط مدتی اور مختصرالمدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تاکہ صارفین کوبجلی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا یا جا سکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم پورے ملک کے طول و عرض میں پھیلائی جا رہی ہے تاکہ اس قومی جرم کاخاتمہ ہو۔

لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے سائلین کے مسائل حل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔وزیر مملکت نے فیسکو کی حدود میں واقع تمام سرکاری اور تعلیمی اداروں میں سروے کر نے کا حکم بھی دیا تاکہ ان کی بجلی کی ضروریات کا درست علم ہو سکے اور ان کو سولر انرجی پر منتقل کر کے بجلی کی بچت کی جاسکے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر کسی علاقے سے بجلی چوری پکڑا گیا تو اس علاقے کے ایس ڈی ، ایکسئین اور ایس ای ذمہ دار ہوں گے ۔

ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں لائن مین سے چیف ایگزیکٹو لیول تک کے لوگ قابل احتساب ہوں گے ۔ انھوں نے کہا کہ افسران دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں صارفین کے مسائل سنیں اور ان کے حل کیلئے کوشاں رہیں۔ صارفین اور ان کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے انھوں نے افسران کو تنبیہ کی کہ ماضی کے وطیرے کو بھلا کر دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں ۔انھوں نے تمام فیلڈ افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صارف کے ساتھ اووربلنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث افسران اور ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ وہ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے اچانک دورے کریں گے اور ہر کمپنی میں کھلی کچہری میں عوامی مسائل ناصرف سنے جائیں گے بلکی ان کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔ انھوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کے حل کیلئے ہر سب ڈویژن کی سطح پر شکایات بکس رکھیں اور ہامانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد عمل میں لائیں ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ فیسکو کے دوردراز علاقوں میں ٹرانسفارمرز رپئیرنگ وکشاپ کے قیام کے سلسلے میں جائزہ رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ خراب ٹرانسفارمر کی وہیں مرمت کی جا سکے۔ قبل چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم نے انھیں فیسکو کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اعلیٰ کارکردگی پر وزیر مملکت نے فیسکو افسران اورملازمین کی تعریف کی اور انھیں اس مقام پر برقرار کھنے کے لئے مزید محنت کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :