دہشت گردی کی لہر ہماری غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے،مارشل لاء ادوار کے نتائج بھگت رہے ہیں،نوازشریف،یقین ہے کہ اتنی خدمت کریں گے کہ عوام زیادہ قائل ہوجائیں گے،خواہش ہے کہ اسی دور میں ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ ختم کردیں ،65 سالوں میں اتنی بجلی پیدا نہیں کی جتنی چار سالوں میں پیدا کریں گے،مذاکراتی کمیٹی اور طالبان میں جلد ملاقات ہو گی ،و زیراعظم کا راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

پیر 24 مارچ 2014 07:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لہر ہماری غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے،مارشل لاء ادوار کے نتائج بھگت رہے ہیں،یقین ہے کہ اتنی خدمت کریں گے کہ عوام زیادہ قائل ہوجائیں گے،آپ ہر آنے والے دن نئی مثبت تبدیلیاں دیکھیں گے،جلد وونوں اطراف کی ملاقات ہوگی، اللہ تعالیٰ حالات کو بہتر کرنے کی توفیق دے۔

اگلے سال نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کام شروع ہوجائے گا،خواہش ہے کہ اسی دور میں ہمیشہ کیلئے لوڈشیڈنگ ختم کردیں ،65 سالوں میں اتنی بجلی پیدا نہیں کی جتنی چار سالوں میں پیدا کریں گے۔اتوا رکو یہاں راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ بہت دیر بعد راولپنڈی کے عوام ،بہادر باسیوں اورپاکستانیت کا جذبہ رکھنے والوں سے مخاطب ہوں۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کو دیکھ کر بہت خوش ہوا۔جب اسے طے کیا تھا اس روز بھی ہم بہت خوش تھے۔انہوں نے کہا کہ جب شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ اتنی تیزی سے مکمل کرلیں گے تو بڑی حیرت ہوئی ۔منصوبہ 10 ماہ بعد مکمل ہوگا۔ منصوبہ دیکھیں اور وقت دیکھیں ۔ منصوبہ بہت بڑا اور وقت بہت کم ہے، اتنے کم وقت میں اس کی تکمیل شہباز شریف کا کمال ہے۔ لاہور کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہوا۔

انہوں نے موٹروے کی تقلید کی ہے۔لگتا ہے کہ انہوں نے موٹروے سے ہی سیکھا ہے جسے ہم نے بہت تیزی سے مکمل کیا تھا حالانکہ درمیان میں ہماری حکومت ختم ہوگئی تھی مگر پھردوبارہ اقتدار میں آکر ہم نے اسے مکمل کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس کے بعد جنوبی پنجاب میں ملتان کی باری ہے۔ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر یہ منصوبے بنانے کا پروگرام ہے۔ دکھ اس کا ہے کہ 65 سالوں بعد بھی ہم اتنے بڑے بڑے مسائل کا شکار ہیں۔

۔ہم بہت سے ملکوں سے پیچھے چلے گئے ہیں۔20 ،30 سال پہلے جن سے آگے تھے ان سے پیچھے چلے گئے ہیں ۔جنوبی کوریا 1960 میں پیچھے تھا، آج کہیں آگے ہے ، اس ملک کی کمپنی نے ہی موٹروے بنائی تھی ۔آج ملک میں بجلی ہے نہ گیس ۔دہشت گردی اور قتل و غارت ہے۔ ہر جگہ کرپشن ہے ۔جہالت ،بے روز گاری اور غربت ہے ۔نظم وضبط نظر نہیں آتا ۔اس پر دل کڑھتا ہے۔ان کا کب علاج ہوگا ۔

کب شہر ٹھیک اور دیہات خوشحال ہوں گے۔ قومیں بیس بیس سالوں میں مسائل ختم کر دیتی ہیں اورہم اضافہ دیکھ رہے ہیں۔بہت وقت ضائع کیا۔91 اور97 ء میں ہم نے جوش وخروش سے ملک کی خدمت شروع کی ۔آج بھی جذبہ سینے میں ہے۔ یہ مناظر میں نہیں دیکھ سکتا۔ ہم نے خود پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔ دہشت گردی کی لہریں ہماری غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔مانیں میں سچ کہہ رہا ہوں۔

مارشل لاء کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔ دس پندرہ سالوں میں کیا منصوبہ شروع ہواجسے کا براہ راست فائدہ عوام کو ہوا ہو ۔ہم نے ایسے ہی منصوبے شروع کئے تھے، موٹروے سے عوام کو فائدہ ہو رہا ہی نیو کلیئر بننے کا فائدہ پاکستان کو پہنچ رہا ہے ۔کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔اس سے پتہ چلتا ہے کہ کس نے ترقی کی اور کس نے ملک کو تباہی میں دھکیلا؟۔انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ شہباز شریف کو مایوس نہیں کریں گے۔

ان کی کارکردگی مثالی ہے۔اس دور میں تو منصوبے کا آغاز کیاہے۔راولپنڈی میں اسمبلیوں کی نشستیں ہارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر زیادہ نشستیں مل جاتیں تو یہ منصوبے شروع کرنے پر زیادہ خوشی ہوتی تاہم ہماری محبت میں کمی نہیں آئی ۔خدمت کا جذبہ تبدیل نہیں ہوا۔ سیٹیں آدھی ہوگئیں ہم نے کام ڈبل کر دیا۔یقین ہے کہ خدمت میں کمی نہ آئے گی اور انشاء اللہ آئندہ عوام بھی زیادہ قائل ہو جائیں گے۔

ہر آنے والے دن میں مثبت تبدیلیاں دیکھیں گے۔انہوں نے طالبان سے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے حکومت کوشاں ہے، چوہدری نثار دن رات کام کررہے ہیں ،دہشت گردی کی فضاء کو ختم کرنے کے لئے حالات کو ساز گار بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ آج بھی اجلاس ہوا۔جلد دونوں اطراف کی ملاقات ہوگی ۔دعا کریں اور اللہ تعالی حالات کو ٹھیک کرنے کی توفیق دے۔

اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں ۔برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ڈالر نیچے آنا شروع ہوا ہے۔ڈار کو کہا اس جگہ ڈالر کو98/99 پر رکھیں تا کہ بر آمدکنندگان ،درآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو بھی نقصان نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد کے نئے ائیر پورٹ پر گیا تھا ۔یقین ہے کہ اگلے سال نیا ائیر پورٹ بھی کام شروع کر دے گا۔کراچی لاہور موٹروے بھی جلد شروع ہوگی ۔

اسلام آباد مظفر آباد ریلوے کا منصوبہ ہے۔عنقریب شروع کریں گے۔خواہش ہے لوڈشیڈنگ اس دور میں ختم کر دیں۔انشاء اللہ ایسا ہوگا۔ لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔65 سالوں میں اتنی بجلی پیدا نہیں کی جتنی چار سالوں میں پیدا کریں گے۔8 سال میں21 ہزار میگاواٹ پیدا کریں گے ۔ہم پاکستان کے20/25 سال آگے دیکھ رہے ہیں۔یقین ہے اللہ ساتھ دے گا اورتیزی سے مسائل حل کریں گے۔