پاکستان سے نہ کسی ملک نے فوج مانگی ہے ، نہ ہم بھیج رہے ہیں،بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں رانا تنویر حسین

اتوار 23 مارچ 2014 07:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سے نہ کسی ملک نے فوج مانگی ہے نہ ہم بھیج رہے ہیں۔وزیراعظم ، وزیرخزانہ اور وزیر خارجہ پہلے ہی وضاحت کر چکے ہیں کہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے بدلے فوج بھیجنے کی باتیں درست نہیں ہیں۔ خلیج کے ممالک ہمارے دوست ہیں۔ہر برے وقت میں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا ہے ۔

ہمیں اپنے دوستوں کے بارے میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیئیں۔وہ آج پنجاب یونیورسٹی میں شرقپور شریف کیلئے شٹل سروس کے آغاز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔ خصوصاپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔موجودہ حکومت کا وژن تعلیم کو آگے لے کر جانا ہے ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔میاں محمد شہبازشریف نے تعلیم کے شعبے میں گزشتہ پانچ سالوں میں بہت کام کیا ہے اور اب بھی اس شعبہ کیلئے وافر فنڈز رکھے جا رہے ہیں ۔ طلبہ و طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے لیپ ٹاپ تقسیم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے پانچ سالوں میں ہر شعبہ میں ترقی واضح نظر آئے گی۔

انرجی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت دس ماہ کے مختصر عرصہ میں دو ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر چکی ہے جبکہ مئی تک مزید ایک ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ترقی کا جو سفر موجودہ حکومت نے شروع کیا ہے ، اسے رکنے نہیں دیں گے۔ نہ صرف بجلی کی کمی پوری کریں گے بلکہ وافر مقدار میں بجلی پیدا کریں گے۔شٹل سروس کے افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے شرقپور کیلئے شٹل سروس چلانے پر ڈاکٹر مجاہد کامران کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس شٹل سروس سے نزدیکی علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کو بہت فائدہ ہو گا۔