وقت کا تقاضا ہے پاک افغان تعلقات کو اقتصادی و علاقائی تعاون کی نئی بلندیوں تک لے جایا جائے‘ اسحاق ڈار ،معتدل ‘ پر امن اور مضبوط افغانستان دونوں ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات کا ضامن ہے، وزیر خزانہ کی افغان سفیر سے ملاقات ، افغانستان میں آزاد اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات اور بعد ازاں اقتدار کی پر امن منتقلی کو یقینی بنائے گا،افغان سفیر ،تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تجارتی نمائشوں کے انعقاد کی تجویز بھی دی

اتوار 23 مارچ 2014 07:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاک افغان تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان موجود ثقافتی و مذہبی تعلقات و اقدار کی روشنی میں اقتصادی و علاقائی تعاون کی نئی بلندیوں تک لے جایا جائے‘ معتدل ‘ پر امن اور مضبوط افغانستان دونوں ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات کا ضامن ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار یہاں ہفتہ کے روز افعانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی سے اپنی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین ایک مشترکہ معاشرتی ‘ ثقافتی و مذہبی ورثہ موجود ہے جو کہ باعث فخر ہے‘ وقت کا تقاصا ہے کہ موجودہ پاک افغان تعلقات کو ثقافتی و مذہبی اقدار کی روشنی میں اقتصادی و علاقائی تعاون کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے جو کہ ہمارے برادرانہ و دوستانہ تعلقات میں نمایاں ہے انہوں نے کہا کہ ایک معتدل ‘ پر امن اور مضبوط افغانستان ہی دونوں ممالک کے درمیان بہتر اقتصادی تعلقات کا ضامن ہے جس سے علاقائی تعاون کو مزید بہتری میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغان سفیر کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان افغانستان میں پر امن انتخابات کی بھرپور حمایت کرتا ہے اس موقع پر افغانستان کے سفیر جانان موسیٰ زئی نے وزیر خزانہ کو ان کے دورہ افغانستان کے دوران ہونے والے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور بعد ازاں کارکردگی کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام وزیر خزانہ کے دورہ جلال آباد کے بعد نہ صرف ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ ان کو ایک نہایت سنیدہ و پر خلوص دوست سمجھتے ہیں جو کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بناسکتا ہے ۔ جانان موسیٰ زئی کا کہنا تھا کہ جلال آباد میں نشتر کڈنی ہسپتال کے منصوبے پر دستخط دونوں ممالک کو مزید قریب لائے ہیں انہوں نے وزیر خزانہ کو آئندہ افغان انتخابات پر بھی اعتماد میں لیتے ہوئے واضح کیا کہ افغانستان میں ایک آزاد اور غیر جانبدار الیکشن کمیشن موجود ہے جو کہ افعانستان میں شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات اور بعد ازاں اقتدار کی پر امن منتقلی کو یقینی بنائے گا۔

افغان سفیر نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اتقصادی تعلقات میں بہتری لانے اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے دوران فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے ایک منظم میکنزم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میکنزم کے تحت ایک عملدرآمد کمیٹی کی جائے جو کہ دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے تکنیکی افسران پر مشتمل ہو اور اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔

اس موقع پر موسیٰ زئی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تجارتی نمائشوں کے انعقاد کی تجویز بھی دی وزیر خزانہ نے افغان سفیر کو جلال آباد میں نشتر کڈنی ہسپتال کیلئے الات و ساز و سامان کی جلد و شفاف خریداری اور مشترکہ طور پر انسانی وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔