موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگئی ہے‘ اسحاق ڈار،جاپان سمیت ہمسایہ ممالک سے امداد اور قرضوں کی بجائے ملک میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں‘ جاپانی سفیر اور عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر سے بات چیت

منگل 18 مارچ 2014 06:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء) پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی اینومیتا اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راچڈ بن مسعود نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور اقتصادی تعاون و عالمی بینک کی جانب سے مالی معاونت بارے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وزارت خزانہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو آگاہ کیا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت مثبت نتائج کی جانب گامزن ہونا شروع ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی‘ جی ڈی پی کی شرح نمو اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور افرادزر میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کے نتیجے میں جاپان کی خارجی تجارتی تنظیم نے پاکستان کو اقتصادی ترقی کے حوالے سے دنیا میں دوسرا درجہ دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کو اسی سروے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں اپنے کاروبار کو فروغ دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ امداد اور قرضوں کے بجائے پاکستانی حکومت جاپان سمیت دوست ممالک سے براہ راست سرمایہ کاری کو خوش آئند کہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جاپانی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ ٹوکیو کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر بھرپور سہولتیں فراہم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے تمام تر مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کی اقتصادی اصلاحاتی پروگرام اور پالیسیوں کو سراہتا ہے اور ہم ملک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

دریں اثناء ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے بات چیت کے دوران بھی وزیر خزانہ نے انہیں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی موجودہ اقتصادی اصلاحات حوصلہ افزا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ کیلئے اقتصادی معاونت متوقع ہے انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر سری ملائینی اندراوتی پاکستان کے ترقیاتی پراجیکٹوں بارے تبادلہ خیال کیلئے مارچ کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کا دورہ کریں گی۔

متعلقہ عنوان :