خورشید شاہ سے اسحاق ڈار کا ٹیلی فونک رابطہ، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں ر انا بھگوان داس کے نام پر حائل رکاوٹوں کے باعث نئے نام پر غور کیلئے اتفاق ،خورشید شاہ کے اسلام آباد پہنچنے پر آج حکومتی وفد کی ان سے ملاقات کا امکان ،خورشید شاہ کی رابطے کی تصدیق

منگل 18 مارچ 2014 06:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)حکومت اور اپوزیشن کے مابین نئے چیف الیکشن کمشنر کے طورپر ر انا بھگوان داس کے نام پر حائل رکاوٹوں کے باعث نئے نام پر غور کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے،یہ اتفاق رائے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور قو می اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران طے پایا ،خورشید شاہ کے اسلام آباد پہنچنے پر آج (منگل کو ) حکومتی وفد کی ان سے ملاقات کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق قو می اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیر کو ٹیلی فونک رابطہ کر کے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر بات چیت کی ۔ دوران گفتگو رانا بھگوان داس کے نام پر حائل رکاوٹوں کے باعث کسی نئے نام پر غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے بھی کسی نئے نام پر غور کرنے کی تجویز دی اور فیصلہ ہو ا کہ قائد حزب اختلاف کے ساتھ ملاقات میں نئے نام پر غور کیا جائے گا ۔

تاحال حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کوئی نیا نام غور کیلئے تجویز نہیں کیا گیا ۔اس حوالے سے جب خبر رساں ادارے نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ وزیر خزانہ نے ان سے رابطہ کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے بات چیت کی ہے اور انہوں نے رانا بھگوان داس کے نام پر پیدا شدہ رکاوٹوں کے پیش نظر کسی نئے نام پر غور کرنے کی تجویز دی ہے جس پر اتفاق کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں مل بیٹھ کرنئے نام پر غور کر لیں گے۔