پاکستان پر معاشی مشکلات کا وقت گزر گیا، اسحاق ڈار ، آنے والا دور ملکی معیشت کی بہتری کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا ،پاکستان کے قدرتی وسائل کو قابل استعمال بنائیں گے،23اپریل کے بعد پاکستان میں جدید ترین موبائل ٹیکنالوجی متعارف کرادی جائے گی ،کراچی چیمبر کے تحت ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر معاشی مشکلات کا وقت گزر گیا ہے،اب آنے والا دور ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا ۔پاکستان کے قدرتی وسائل کو قابل استعمال بنائیں گے ۔23اپریل کے بعد پاکستان میں جدید ترین موبائل ٹیکنالوجی متعارف کرادی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی اے ایف میوزیم میں کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپورٹ ٹرافی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم کی بصیرت کی وجہ سے مشکل دور گذر گیا ہے ۔وزیرا عظم سرمایہ کاروں کے دوست ہیں ،اسی وجہ سے انہوں نے تجارت دوست پالیسیاں ملک میں متعارف کرائی ہیں ۔وہ صنعت و تجارت کے مسائل حل کرنے کے بہترین وکیل بھی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی بصیرت اور پالیسیوں سے ملک کی معیشت درستگی کی طرف گامزن ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ یہ باتیں کی جارہی تھیں کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا اور خدانخواستہ بین الاقوامی نقشے میں پاکستان کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا ۔

لیکن حکومت نے ہر معاشی پالیسی پر تاجروں اور صنعتکاروں کو اعتماد میں لیا اور اب پاکستان کی معشت درست سمت میں داخل ہوگئی ہے ۔ترسیلات زر میں 11فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ایکسپورٹ میں 6.2فیصد اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو اکنامک استحکام کے لیے حکومت نے اپنے اخراجات پر قابو پایا اور اس کو آمدن کے برابر لے کر آئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی محصولات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مالی خسارہ معاشی بیماری کا جزو ہے ،جس کی وجہ سے قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم برسراقتدار آئے تو حکومت نے ٹیکس کی شرح میں 18فیصد اضافہ کیا تاہم ہم اس سے مطمئن نہیں ہیں ۔حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ معیشت کو استحکام حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قدرتی وسائل کو قابل استعمال بنانا ہوگا اور اپنے مقامی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی آئی ایم ایف نے بھی تائید کی ہے اور معیشت کی درستگی کے اہداف کو آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے ۔15غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے علاوہ مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں اور اب سرمایہ کاروں کا رخ پاکستان کی جانب دوبارہ گامزن ہوگیاہے ۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہتر ہوئی ہے ۔مزید معاشی اصلاحات کریں گے اور تجارت دوست پالیسیاں بنائی جائیں گی تاکہ سرمایہ کار زیادہ سے زیادہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما سراج قاسم تیلی نے کہا کہ کراچی آپریشن کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے اور غیر قانونی سموں کی بندش کے لیے حکومت مربوط پالیسی تشکیل دے ۔کراچی چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی نے کہا کہ حکومت کے معاشی ایجنڈے سے معیشت بہتر ہوئی ہے اور تاجروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔تاہم تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت فوری اقدامات کرے ۔