ڈائریکٹر جنرل آئی اے ای اے کا جوہری سلامتی کیلئے پاکستانی سینٹر اف اکسیلنس کا دورہ،جوہری سلامتی پر عالمی معیار کی بنیاد پر دی جانے والی ٹریننگ بارے بریفنگ دی گئی

جمعرات 13 مارچ 2014 08:24

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء)عالمی ایٹمی توانائی ادارے(آئی اے ای اے)کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے بدھ کے روز جوہری سلامتی کیلئے پاکستان کے سینٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا جہاں انہیں جوہری سلامتی پر بہترین عالمی اقدامات اور معیارات کی بنیاد پر تربیتی سپکٹرم پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی آئی اے ای اے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی متاثر کن ہے کہ آپ یہاں انتہائی منظم اور آپریشنل انداز میں تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تقریباً 5دہائیوں سے جوہری پلانٹس چلا رہا ہے اور اس کا قابل تعریف حفاظت اور سلامتی کا ریکارڈ ہے۔ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہونے کے ناطے پاکستان جوہری سلامتی کے عالمی کاز میں کردار ادا کرنے کا خواہش مند ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ویژن کے تناظر میں 2012ء میں جوہری سلامتی کیلئے سینٹر آف ایکسیلینس کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ تمام سرگرمیوں میں تربیت فراہم کی جائے،جن کا جوہری سلامتی اور تحفظ سے بلواسطہ یا بلاواسطہ تعلق ہو۔

2012ء میں سےؤل میں منعقدہ جوہری سلامتی کونسل کانفرنس میں سی ای او کی جانب سے خطے اور اس سے ہٹ کر ممالک کیلئے تربیتی مرکز کے طور پر پیشکش کی تھی،ڈی جی آئی اے ای اے کا جوہری سلامتی کیلئے پاکستان کے سینٹر آف اکسیلینس کا دورہ پاکستان کے جوہری سلامتی کے میدان میں اعلیٰ معیار کی تربیت اور شاندار کلچر کا عالمی سطح پر اعتراف ہے،جوہری سلامتی قومی ذمہ داری ہوتے ہوئے پاکستان اس کی تمام اشکال اور منشور کو اولین ترجیح دیتا ہے،قبل ازیں ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی میجر جنرل محمد طاہر نے ان کا استقبال کیا۔