حکومت تھر میں قحط سالی سے متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کرے گی،صدر ممنون حسین،تھرپارکر کے مکینوں میں گندم کی تقسیم میں غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے،خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کو اشیاء خوردنی، پینے کے صاف پانی اور ادویات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 12 مارچ 2014 08:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مارچ۔2014ء)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت تھر میں قحط سالی سے متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کرے گی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کو اس آفت پر قابو پانے کیلئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی۔سرکاری میڈیارپورٹس کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ضلع تھرپارکر میں قحط کی تازہ ترین صورتحال اور ضلع کے 6 تعلقوں میں متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے سندھ کی صوبائی حکومت کو اس آفت پر قابو پانے کی اس کی کوششوں میں مرکزی حکومت کی ہر ممکنہ حمایت اور معاونت کا یقین دلاتے ہوئے تمام متعلین پر زور دیا کہ وہ خشک سالی سے متاثرہ لوگوں کو اشیاء خوردنی، پینے کے صاف پانی اور ادویات کی فوری فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے میں غذائی قلت سے متعلق کسی قسم کی مزید بیماریاں پھوٹنے سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے مکینوں میں گندم کی تقسیم میں غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز امتیاز عنایت الٰہی اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام نے صدر مملکت کو تھرپارکر میں تازہ ترین صورتحال اور قحط سے متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی کارروائیوں کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :