شمالی وزیرستان میں آپریشن نہیں کامیاب مذاکرات ہونے جا رہے ہیں،مولانا یوسف شاہ،وفاقی حکومت کی پیٹرولیم منصوعات کی بندش سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، حکومت فوری طو ر پرپیٹرولیم منصوعات کی ترسیل پر پابندی ہٹائے ،کوآرڈینیٹر طالبان کمیٹی

بدھ 12 مارچ 2014 08:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12مارچ۔2014ء)جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی امیر اور طالبان کمیٹی کے کوارڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی بجائے کامیاب مذاکرات ہونے جا رہے ہیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے شمالی وزیرستان کو پیٹرولیم منصوعات کی بندش سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ حکومت فوری طو ر پرپیٹرولیم منصوعات کی شمالی وزیرستان ترسیل پر پابندی ہٹائے ۔

ان خیالات کا اظہار مولانا یوسف شاہ نے پشاور پریس کلب میں شمالی وزیرستان پیٹرول پمپ مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر پیٹرول پمپ مالکان کے صدر رقیب گل ، نائب صدر حاجی امانت ، حاجی خان محمد ، جنرل سیکرٹری عطاء اللہ کے علاوہ جے یو آئی (س) شمالی وزیرستان کے امیر عبدالحی حقانی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت نے شمالی وزیرستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی گزشتہ ماہ کی پچیس تاریخ سے بند کر رکھی ہے جس کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے علاوہ میران شاہ میر علی اور دیگر دور آفتادہ علاقوں میں ایک لیٹر پیٹرول مصنوعات کی قیمت دو سو روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔

جس کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں زندگی کا پہیہ رک گیا ہے اور پورا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا مقصد یہی ہے کہ شمالی وزیرستان کے عوام کی مشکلات کو دور کیا جا سکے کیونکہ شمالی وزیرستان کی عوام ہر طرف سے پسے جارہے ہیں ۔ اب پیٹرولیم منصوعات کی بندش سے شمالی وزیرستان کی عوام پر ایک اور وار کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ حکومت شمالی وزیرستان کے عوام کو مختلف طریقوں سے ہراساں کر رہی ہے کبھی غذائی اجناس اور کبھی ایف سی آر کے دفعات لگا کر کاروبار کو بند کیا جاتا رہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے رابطہ کیا گیا ہے انہوں نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ یہ مسئلہ حل کیا جائے ۔ اس موقع پر پیٹرول پمپ مالکان کے صدر ڈاکٹر گل نے کہاکہ شمالی وزیرستان کو روزانہ پچیس ہزار لیٹر پیٹرولیم منصوعات پہنچتی تھی اب حالت یہ ہے کہ شمالی وزیرستان کوایک بھی ٹینکر نہیں پہنچ رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے تقریباً ستر پیٹرول پمپ بند ہو چکے ہیں ۔ اور اس سے وابستہ تین ہزار سے زائد لوگ بیروز گار ہونے کے ساتھ عام عوام کی بھی زندگی رک گئی ہے