کوسوو کے وزیر خارجہ انور ہاکس جاج کی صدر ممنون حسین ، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری سے ملاقاتیں

منگل 11 مارچ 2014 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء )صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ کوسوو کے ساتھ دوستانہ اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوسوو کے وزیر خارجہ اینور ہکساج سے گفتگو کرتے ہوئے کی جنہوں نے پیر کے روز ایوان صدر میں صدرمملکت سے ملاقات کی ۔صدر ممنوں حسین نے کہا کہ پاکستان کو سوو کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

صدر نے بالخصوص ارکان پارلیمان، نوجوانوں اور طالب علموں کے وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوسوو کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی شعبوں سمیت تمام سطحوں پر باہمی طور پر مفید اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، دونوں جمہوری ممالک کے پارلیمانی ادارے شراکت داری کے فروغ اور ایک دوسرے کے عوام کو قریب لانے میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر نے اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی گزشتہ برس لندن میں کوسوو کی صدر عطفتی جاہ جگا کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماء پاکستان اور کوسوو کے عوام کے لئے باہمی طور پر سودمند دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی یکساں سوچ رکھتے ہیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بالکان کے علاقے میں امن واستحکام کیلئے جاری علاقائی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

کوسوو کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ خصوصاً تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش ظاہر کی۔وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں توانائی کے بحران کو کم سے کم وقت میں ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اس سلسلہ میں مختصر مدت کے منصوبہ جات سے بیرون ممالک سے ایل این جی کی درآمد کی جارہی ہے جبکہ توانائی بحران کے مستقل حل کے لیے کوئلہ اور گیس کے پاورپلانٹس قائم کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات کوسوو کے وزیر خارجہ انور ہاکس جاج کی سربراہی میں کوسوو کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،وفد نے پیر کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر وفد کو پاکستا ن میں توانائی کے شعبہ کے حوالے میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پرکوسوو کے وزیر خارجہ انور ہاکس جاج نے حکومت پاکستان کا کوسوو کو آزاد مملکت کے طور پر تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کا کوسوو کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ کوسوو میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اشیائی خرد ماحول ہے اور پاکستان کوسوو میں توانائی، معدنیات ، ٹیکسٹائل او ر ادویہ سازی کے شعبہ میں سرمایا کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے پاکستانی طلبہ کے لیے کوسوو کی یونیورسٹی میں اسکالرشپ کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ کوسوو میں معدنی سائنس کے بہترین اور تجربہ کار اساتذہ موجود ہیں۔ کوسوو کے وزیر خارجہ کی وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو آئندہ مہینوں میں کوسوو کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دورہ جات کے تبادلہ سے دونوں ممالک میں سفارتی اور معیشتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلاشبہ کوسوو بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور خاص طور پر کوسوو میں لگلنائٹ کوئلہ کے وسیع ذخائر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھی کوئلہ کے وسیع ذخائر ہیں اور پاکستان کوسوو کے اس شعبہ میں تجربات اور مہارت اور استفادہ کر سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کوسوو کیساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے ۔

انہوں نے یہ بات کوسوو کے وزیر خارجہ انور ہوژاج سے پارلیمنٹ ہاوٴس میں ملاقات کے دوران کہی ۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اہم امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ کوسوو اور سربیا کے مابین مذاکراتی عمل ایک اچھا اقدام ہے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کا دیر پا حل نکالا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوطر فہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ بین الپارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھایا جائے تاکہ تعلقات کو ایک نئے انداز میں آگے بڑھایا جا سکے ۔

چیئر مین سینیٹ نے کو سوو کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کاا ظہار بھی کیا ۔کو سوو کے وزیر خارجہ نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کیساتھ سفارتی تعلقات مثبت سمت میں جارہے ہیں ۔انہوں نے چیئر مین سینیٹ کو کوسوو کی مجموعی سماجی ، سیاسی اور اقتصادی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا اور چیئر مین سینیٹ کو کو سو و کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔