مسلح تنازعات ، ڈرون حملوں میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، پاکستان ، تعلیمی اداروں پر حملے کرنے والوں کو قانون کا احترام ہے نہ بچوں کے حقوق کی پرواہ ، پاکستان اقوام متحدہ میں بچوں کے تحفظ بارے قرارداد کی حمایت کرتا ہے ، مسعود خان

پیر 10 مارچ 2014 07:47

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) پاکستان نے ڈرون حملوں اور تمام مسلح تنازعات میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے بچے قیمتی سرمایہ ہیں پاکستان ان کے تحفظ ، تعلیمی حق کی فراہمی اور بہترین تربیت کیلئے اٹھائے جانے والے ہر قدم کی حمایت کرتا ہے اور اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کرے گا ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسلح تصادم اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے کہا کہ بچے قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں بہترین تعلیم ، اخلاقی تربیت اور بھرپور تحفظ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں بچوں کے تحفظ بارے پیش کردہ قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو اس حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستانی امن دستوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے نے پاکستان کو اس حوالے سے جو بھی ذمہ داری دی پاکستان نے خوش اسلوبی کے ساتھ نبھایا ۔

(جاری ہے)

تنازعات کے دوران سکولوں اور تعلیمی اداروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ ایسے حملے معصوم طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے لیے بھی خوف کا باعث ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے حملے ان شدت پسند گروپ کی جانب سے کئے جاتے ہیں جنہیں طلبا کے حقوق کی پرواہ نہیں ہے اور نہ ہی عالمی مقامی قوانین کا احترام کرتے ہیں ۔