بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سے ہمارے سسٹم میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی‘ حکومتی انکشا ف ،‘ سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج کے قیام کو چالیس سے کم کرکے پندرہ ایام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں‘ پی آئی اے کا کرایہ سعودی ایئر لائن اور شاہین ایئر لائن سے زیادہ ہے‘ امسال حاجیوں کو بذریعہ بحری جہاز نہیں بھجوایا جاسکتا‘ آئندہ سال اس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے‘ وزیر مملکت پیر امین الحسنات کا ایوا ن میں اظہا ر خیال

ہفتہ 8 مارچ 2014 02:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مارچ۔2014ء) حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سے ہمارے سسٹم میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی‘ سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج کے قیام کو چالیس سے کم کرکے پندرہ ایام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں‘ پی آئی اے کا کرایہ سعودی ایئر لائن اور شاہین ایئر لائن سے زیادہ ہے‘ امسال حاجیوں کو بذریعہ بحری جہاز نہیں بھجوایا جاسکتا‘ آئندہ سال اس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے‘ عازمین حج کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ ملک میں کھاد کے سات پلانٹ کام کررہے ہیں جبکہ وزارت پانی و بجلی نے ایوان کو بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے حکومت کے 124803.53 اور پرائیویٹ اداروں کے 325589.94 ملین روپے واجب الادا ہیں‘ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ واجبات کی وصولی کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی عارف علوی کے سوال کے جواب میں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ نادہندہ صارفین کو نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان کو بتایا کہ پی ٹی افسران کو پلاٹوں کی الاٹمنٹس کی بناء پر کراچی پورٹ ٹرسٹ میں منگریوں کے پودوں کو ضائع کیا جارہا ہے اور یہاں آفیسرز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کو 130 ایکڑ اراضی الاٹ کی ہے۔

رکن اسمبلی پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی بھٹی نے ایوان کو بتایا کہ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے اپنے رجسٹرڈ ممبران کو بھارہ کہو ہاؤسنگ سکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر آفر لیٹر جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے‘ کام شروع ہونے سے پہلے لیٹر جاری نہیں کریں گے۔ رکن اسمبلی نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے بتایا کہ اسلام آباد میں چودہ بلڈ بینک کام کررہے ہیں جن میں سے چند نجی شعبے کے شامل ہیں۔

اسلام آباد کے کسی بلڈ بینک کیخلاف کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ لائسنسوں کے اجراء کیلئے آئندہ ماہ ان کا معائنہ کیا جائے گا۔ صوبائی جی ٹی اے متعلقہ محکمہ صحت کے تحت کام کرتے ہیں۔ رکن اسمبلی پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے ایوان کو بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج کا قیام چالیس یوم سے کم کرکے پندرہ یوم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

رکن اسمبلی شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے حج کا کرایہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے لیتی ہے جبکہ شاہین ایئر لائن اور سعودی ایئر لائن اس سے کم میں حج کیلئے لے کر جاتی ہیں۔ ان کیساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ رکن اسمبلی نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی راجہ ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی حکومت آبپاشی نظام‘ سیلاب میں کمی لانے اور پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیموں‘ نہروں اور آبادکاری سے متعلقہ متعدد منصوبوں کیلئے رقم فراہم کررہی ہے۔

رکن اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ایک ہنر ایک نگران (اے ایچ اے این) کیلئے کوئی فنڈز فراہم نہیں کئے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران پچاس کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے ایوان کو بتایا کہ وزارت قومی غذائی و تحقیق زرعی شعبہ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے وزیراعظم کی یوتھ قرضہ سکیم کی درخواست گزاروں کو مدد فراہم کررہی ہے۔

رکن اسمبلی خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ وزارت پانی و بجلی توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور مختلف سرمایہ کار گروپوں نے گڈانی پاور پراجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ رکن اسمبلی خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے ایوان کو بتایا کہ بحری جہاز کے ذریعے حجاج کرام کو حج کرانے کیلئے اگلے سال سوچیں گے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر اس کی سعودی عرب نے اجازت دی تب۔ رکن اسمبلی ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ گذشتہ سال ملک میں یوریا کھاد کا کوئی پلانٹ نہیں لگایا گیا۔ اس وقت کھاد کے سات پلانٹ کام کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے قیام کا مقصد عوام کو اشیائے ضروریہ صارفین کو عام مارکیٹ کے نرخوں کے مقابلے میں کم نرخوں پر فروخت کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت رمضان پیکیج کے تہت یو ایس سی کے مقامات فروخت پر سبسڈی برداشت کرتی ہے۔ رکن اسمبلی زہرہ ودود کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ بھارت کی طرف سے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سے ہمارے سسٹم میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی۔ قبل ازیں ڈاکٹر عارف علوی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ بجلی کے واجبات ہر صورت میں لئے جارہے ہیں اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں نوٹس جاری کئے جاتے ہیں اور اگر مقررہ وقت تک ادائیگیاں نہ کی جائیں تو کنکشن کاٹ دئیے جاتے ہیں۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے حکومت کے 124803.53 ملین روپے اور پرائیویٹ اداروں کے 325589.94 ملین روپے واجب الاداء ہیں۔ اسی طرح سرکاری بلنگ میں 42315.97 ملین روپے اور 468261.28 ملین روپے پرائیویٹ بلنگ میں لینے ہیں البتہ اب تک سرکاری بلوں کی مد میں تقسیم کار کمپنیاں 45599.91 ملین روپے اور پرائیویٹ سطح پر 438988.04 ملین روپے وصولی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی نے ایوان کو رکن اسمبلی عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں تحریری طور پر بتایا کہ نجی کمپنیوں کے ذمے واجب الاداء کل رقم 325589.94 ملین روپے واجب الاداء ہیں جس میں لیسکو 31230.22 ملین‘ جیپکو 6343.37 ملین‘ فیسکو 8161.13 ملین‘ آئیسکو 2414.19 ملین‘ میپکو 28059.77 ملین‘ پیسکو 58216.27‘ ٹیسکو 38172.94‘ حیسکو 16999.65 سیپکو 45842.17 اور کیسکو کے ذمے 90150.23 ملین روپے واجب الاداء ہیں۔