چیئرمین اوگرا توقیر صادق مقدمہ،سپریم کورٹ نے دیوان پٹرولیم کے مالک ضیاء فاروقی کو نوٹس جاری کر دیا، اوگرا عمل درآمد کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی

جمعہ 7 مارچ 2014 08:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مارچ۔2014ء)سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کے مقدمے میں مبینہ طور پر ملوث 11 ملزمان کے حوالے سے نیب تحقیقات کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے اجراء پر دیوان پٹرولیم کے مالک ضیاء فاروقی کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور سماعت آج جمعہ تک ملتوی کر دی ہے جبکہ اوگرا عمل درآمد کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز اوگرا عمللدرآمد کیس کی سماعت کی تو اس دوران پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیوان پٹرولیم کے مالک ضیاء فاروقی کی درخواست پر 25 فروری کو توقیر صادق کیس میں حکم امتناعی جاری کیا ہے جس کی وجہ سے قومی احتساب بیورو کے تحت 11 ملزمان کے خلاف ہونے والی کارروائی اور تحقیقات روک دی گئی ہیں اس لئے اب اس کیس میں جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم نہیں ہو جاتا نیب اس کیس میں مزید تحقیقات نہیں کر سکتا اس پر سپریم کورٹ نے دیوان پٹرولیم کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور سماعت آج جمعہ تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے کہا کہ اوگرام عملدرآمد کیس کی سماعت10 مارچ کو ہوگی۔