پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے اور پاکستان کی سلامتی چاہتی ہے، سعد رفیق، دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، طالبان بات چیت چاہتے ہیں تو دہشتگردی کی کاروائیاں بند کریں، وفاقی وزیر ریلوے کا ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان ریلویز کے ہیروز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 4 مارچ 2014 08:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، اگر طالبان بات چیت چاہتے ہیں تو وہ دہشتگردی کی کاروائیاں بند کریں، حکومت‘ منتخب پارلیمنٹ اور ریاستی ادارے اس بات پر متفق ہیں کہ مذاکرات صرف ان سے ہونے چاہئیں جو ہتھیار ڈالنے کے بعد مذاکرات چاہتے ہوں، پوری قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہے اور پاکستان کی سلامتی چاہتی ہے۔

پاکستان ریلویز کے ہیروز کے اعزاز میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے عوام کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے‘ حکومت اپنے اس موقف پر قائم ہے پاکستان کو جلد دہشت گردی سے پاک وطن بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز کو کچھ مخصوص علاقوں میں دہشت گردی کا سامنا ہے لیکن جب ٹرینوں پر حملے ہوتے ہیں تو ریلوے کے کارکنوں کا مورال اور بھی بلند ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پٹرولر ریلوے ٹریک پر ہر وقت مانیٹرنگ میں مصروف رہتے ہیں‘ ٹرینوں پر حملوں کی بڑی وجہ ان کا سبز رنگ ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی طرف سے فائنل کیا گیا تھا اور حرکت کرتا ہوا سبز جھنڈا پاکستان کے دشمنوں کیلئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک کو محفوظ بنانے کیلئے محدود وسائل کے باوجود سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حقیقی ہیروز کی کاوشوں کا اعتراف،ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا فرض ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان ریلویز پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ریلوے پولیس پورے عزم اور لگن کے ساتھ اپنے کام میں مصروف ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں ہونیوالی دہشت گردی کی بھی پرزور مذمت کی۔

وفاقی وزیر نے پاکستان ریلویز کے 6 ہیروز کو 6 لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈز دیں۔ کانسٹیبل ابرار حسین‘ نور ابشار اور فواد اللہ کو 2.2 ملین روپے کی رقم اس کے مالک کو واپس کرنے پر جبکہ پٹرولرز رسول بخش‘ باچا اور محبوب احمد کو خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو ایک بڑی تباہی سے بچانے پر چیک اور شیلڈیں دی گئیں۔ قبل ازیں پاکستان ریلویز کے ان 6 ہیروز کو گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان ریلویز کے جنرل منیجر آپریشنز انجم پرویز نے ریلوے ورکرز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ریلوے کی بحالی تمام ورکرز کی مشترکہ محنت کے بغیر ناممکن ہے۔ تقریب میں اسلام آباد میں ہونیوالی دہشت گردی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلہ میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان ریلویز کی چیئر پرسن پروین آغا اور آئی جی ریلویز پولیس سید ابن حسین بھی موجود تھے۔