سانحہ اسلام آباد میں بیرونی عناصر ملوث ہو سکتے ہیں،چوہدری شجاعت،چوہدری نثار علی خان اب بولنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں‘ میڈیا سے گفتگو

منگل 4 مارچ 2014 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد کچہری میں بیرونی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں‘ یہ دہشت گردی کے واقعہ کو طالبان سے جوڑنا درست نہیں‘ چوہدری نثار علی خان اب بولنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں‘ دہشت گردی بدامنی پر قابو پانے کیلئے قومی اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

دہشت گردی پرانا مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے وقت درکار ہوگا۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے اسلام آباد کچہری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ میں بیرونی عناصر ملوث ہوسکتے ہیں‘ ملکی سکیورٹی اداروں کو مزید چوکنا رہنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی حکومت یا سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے اور قومی اتحاد کی سخت ضرورت ہے جب تک قومی سطح پر اتحاد قائم نہیں ہوگا تب تک ملک سے بدامنی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کو طالبان سے منسوب کرنا درست امر نہیں ہے ملک کے سنگین حالات میں بہت سے بیرونی عناصر نے بھی طالبان کا لبادہ اوڑھ کر اپنے مذموم مقاصد کیلئے اکٹھے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب زیادہ بولنے کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانا صرف حکومت کا کام نہیں ہے دہشت گردی پرانا مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صف پر ہونا چاہیے۔