جمشید دستی نے اسپیکر کو پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے دو سی ڈیز اور تصاویر پر مبنی ثبوت پیش کردئیے ،کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ذاتی رنجش نہیں ،ضمیر کی آواز پر آواز بلند کی ہے، سپیکر نے تحقیقات کے بعد کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے ،رکن قومی اسمبلی کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 4 مارچ 2014 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کی دو سی ڈیز پر مبنی ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ ذاتی رنجش نہیں ہے۔ ضمیر کی آواز پر لاجز میں ہونیوالی برائی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پیش کردہ شواہد پر تحقیقات کے بعد کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار صادق کو پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں کے تمام شواہد پیش کردیئے ہیں جن میں دو سی ڈیز اور چند تصاویر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام شواہد لئے تحقیقات کے بعد ملوث اراکین پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کراء ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے ‘ ضمیر کی آواز سے پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی برائیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔