طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور عمران خان کا ائرپورٹ پر ٹاکرا،گلے ملے، مذاکراتی عمل میں سمیع الحق کی ہر ممکن تعاون و حمایت کرینگے، سربراہ تحریک انصاف

منگل 4 مارچ 2014 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مارچ۔ 2014ء) طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور عمران خان کا ائرپورٹ پر ٹاکرا، ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے، خیریت دریافت کی، مذاکراتی عمل میں مولانا سمیع الحق کی ہر ممکن تعاون و حمایت کرینگے، چیئرمین تحریک انصاف کی مولانا سمیع الحق کو یقین دہانی، کامیابی کیلئے دعا کریں،مولانا سمیع الحق۔

پیر کے روز اس وقت مولانا سمیع الحق اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا آپس میں آمنا سامنا ہوگیا جب مولانا سمیع الحق سعودی عرب کے دورے سے واپس وطن پہنچے اور عمران خان بھی ائر پورٹ پر کہیں جانے کیلئے تیار تھے۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں رہنماؤں کی وی آئی پی لاؤنج میں کچھ دیر ون آ ن ون ملاقات ہوئی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران عمران خان نے کہاکہ مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہونے پر مطمئن ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں اور اس سلسلے میں مولانا سمیع الحق کو خیبرپختونخواہ میں جس حد تک تعاون و حمایت کی ضرورت ہوئی ضرور کرینگے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو بھی کہیں گے جس پر مولانا سمیع الحق نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آپ مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا کریں کیوں کہ مذاکرات سے ہی پائیدار امن آسکتاہے اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہوسکتاہے۔