طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے ، پرویز رشید،جمہوریت پاکستان کی سلامتی کے لئے ناگزیر ہے جس کے بغیر ملک میں اعتدال ممکن نہیں ، ملک میں امن ہوگا تو معاشی ترقی ممکن ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 2 مارچ 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے ،جمہوریت پاکستان کی سلامتی کے لئے ناگزیر ہے جس کے بغیر ملک میں اعتدال ممکن نہیں ، ۔ ہفتہ کو جاری ایک بیان اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے بغیر جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی جب تک فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کو تحفظ کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جاتی کہ وہ آزادانہ طور پر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور اس عہد کی وجہ سے انہوں نے ولی خان بابر قتل کیس کو ٹیسٹ کیس کی طرح لیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی ایکٹ میں ہونے والی ترمیم ہی تھیں جنہوں نے کیس کی بہتر سماعت کی راہ ہموار کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجود جمہوری حکومت نہ صرف صحافیوں بلکہ ہر پاکستانی شہری کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن محفوظ اور معتدل ریاست بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے ۔حکومت مذاکرات کی حامی ہے کیونکہ ملک میں امن ہوگا تو معاشی ترقی ممکن ہے ۔