کراچی ،بدامنی کا تسلسل جاری ،فائرنگ و پرتشدد واقعات میں متحدہ کارکن سمیت7افراد جاں بحق،رینجرزکی مبینہ فائرنگ سے شوہر جاں بحق ،بیوی زخمی ،33سالہ ذیشان الدین نامی شخص اپنی روٹھی ہوئی بیوی شافعہ کو منانے کی کوشش کررہا تھا کہ رینجرز اہلکار رحم نور نے فائرنگ کردی،رینجرز اہلکار نے خاتون کو اغواء سے بچانے کیلئے فائرنگ کی،ترجمان رینجرز

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء)کراچی میں بدامنی کا تسلسل جاری ،جمعہ کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر کارکن حامد پیا سمیت7افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ناظم آباد تھانے کی حدود گول مارکیٹ کے قریب جامع مسجد مین گیٹ کے سامنے نماز پڑھ کر نکلنے والے حامد عرف حامد پیا ولد ایوب الہ آبادی کو گھات لگائے مسلح دہشت گردوں نے اندھادھند فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔

فائرنگ کی زد میں ان کے دوست دوست خالد لمباعرف مچھڑ ولد عبدالمتین اور 60سالہ عبدالعزیز ولد حاجی عمر زخمی ہوگئے ۔بعد ازاں اسپتال میں خالد اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔جاں بحق ہونے والا حامد پیا متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 183کے سینئر کارکن تھا اورہرسال ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی درازی عمر کے لیے لنگر تقسیم کرتے تھے ۔

(جاری ہے)

مقتول علاقے میں سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے تھے ۔مقتول کے 4بھائی اور ایک بہن امریکا میں رہائش پذیر ہیں ۔6بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر اور دو بچوں کے باپ تھے ۔مقتول جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتے تھے ۔جبکہ خالد ویڈیو کی دکان کا مالک ، رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفر کے قریبی عزیزاور حامد پیا کا دیرینہ دوست تھا ۔مقتول مکان نمبر 3F16/6ناظم آباد گول مارکیٹ کا رہائشی تھا ۔

رضویہ تھانے کی حدود گلبہار خلیل مارکیٹ پیتل والی گلی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سٹی ٹائلز اینڈ سینٹری شاپ پر بیٹھے 50سالہ سید منظر علی ولد سید احمد علی اور 55سالہ عمران ولد شفیع محمد کو دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے زخمی کردیا ۔بعدازاں سید منظر علی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔مقتول دو بچوں کا باپ اور اسی علاقے کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ۔

عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال نزد سندباد اورینٹل ٹاور فلیٹ نمبر B-305پل کے قریب فلیٹ بالکونی میں کھڑی خاتون 22سالہ صائمہ اعجاز دختر اعجاز احمد راشد منہاس روڈ سے گزرنے والی ریلی میں شریک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی ۔پاک کالونی تھانے کی حدود شیر شاہ کباڑی بازار میں پستول صاف کرتے ہوئے مسجد کے پیش امام سلطان کابیٹا 35سالہ قاسم اتفاقیہ گولی چلنے سے جاں بحق ہوگیا ۔

متوفی اسی علاقے کا رہائشی اور چار بچوں کا با پ بتایا جاتا ہے ۔پاک کالونی تھانے کی حدود چاکیواڑہ کے علاقے لیاری میراں ناکہ ندی کے قریب فائرنگ سے 28سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا ۔مقتول حلیے سے بلوچ معلوم ہوتا ہے ۔ادھرناگن چورنگی کے قریب رینجرز کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں شوہر جاں بحق جب کہ بیوی زخمی ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب سڑک پر33سالہ ذیشان الدین ولد شہاب الدین نامی شخص اپنی روٹھی ہوئی بیوی شافعہ کوکارنمبرKDX2383میں منانے کی کوشش کررہا تھا اور اس دوران جب اسے زبردستی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش تو بیوی نے شور شرابہ کردیا اور اپنے پرس سے شوہر کو مارنا شروع کردیا ،جس پرمسجد صدیق اکبر کی سیکیورٹی پر مامور رینجرز اہلکار رحم نور نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ذیشان الدین موقع پر ہی جاں بحق جب کہ اس کی بیوی زخمی ہوگئی۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد مشتعل افراد نے رینجرز کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور گاڑیوں پر پتھرا کرکے سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کردیا، کشیدہ حالات کے پیش نظر علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ ذیشان نامی شخص رینجرز کی فائرنگ سے ہی جاں بحق ہوا جس پر رینجرز حکام سے رابطہ کررہے ہیں۔

مقتول نارتھ کراچی کا رہائشی تھا ۔ادھر رینجرز ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اہلکار کے ہاتھوں ناگن چورنگی پر ایک شخص کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق ناگن چورنگی پرخاتون کو اغوا کرنے سے متعلق توجہ دلانے پر رینجرز اہلکارنے فائرنگ کی، مرد اور خاتون کو لڑتے دیکھ کر رینجرز اہلکار نے پہلے ہوائی فائرنگ کی، مرد کے خاتون کو نہ چھوڑنے پر رینجرز اہل کار نے فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والا شخص عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :