چین وزیر دفاع جنرل چانگ وان کوآن کی وزیراعظم نواز شریف ، صدر ممنون حسین ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمود ، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل طاہر رفیق سے ملاقاتیں،صدر نے چینی وزیر دفاع جنرل چانگ وان کوان کو ہلال پاکستان کا اعزاز بھی عطا کیا

ہفتہ 1 مارچ 2014 03:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مارچ۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت متعدد منصوبہ جات کیلئے چین کی معاونت نہایت قابل تحسین ہے، چین اور پاکستان کے درمیان منفرد تعلقات ہیں، چینی شہریوں کی سیکیورٹی پاکستان کیلئے انتہائی ترجیح کی حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے چینی وزیر دفاع جنرل چانگ وان کوآن سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں مشترکہ تعاون کمیٹی میں طے پانے والا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف دونوں اقوام کے فائدہ مند ہوگا بلکہ پورے خطے کی معیشت تبدیل ہوگی اوریہ جنوبی و وسطی ایشیائی خطوں کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ دنیا سے باہمی طور پر منسلک کرنے کی حکمت عملی سے بھی جڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان قومی سلامتی اورعلاقائی سا لمیت کے معاملات پرچین کی معاونت کی نہایت قدر کرتا ہے ،بھرپور باہمی اعتماد ، شاندار تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر خیالات میں ہم آہنگی ہماری آزمودہ اور سدا بہار دوستی کو مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

بعد ازاں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان چین کی بے مثال اقتصادی ترقی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ دوستی سٹریٹجک مفادات میں ہم آہنگی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف، بھرپور باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے پائیدار مفاد پر مبنی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں چینی وزیر دفاع جنرل چانگ وان کوان سے ملاقات کے دوران کیا ۔

صدر مملکت نے ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب میں چین کے وزیر دفاع جنرل چانگ وان کوان کو ”ہلال پاکستان“ کا اعزاز عطا کیا ہے۔ صدر مملکت نے جنرل چانگ وان کوان کو یہ اعزاز پاکستان اور چین کے درمیان پہلے سے موجود قریبی دوستی بالخصوص دفاعی تعاون کے مزید فروغ کے لئے ان کے کردار اور شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا ہے۔ تقریب میں دیگر کے علاوہ چین کی بحریہ کے چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل دوجنگ ہن ، سنکیانگ ملٹری ریجن کے پولیٹیکل کمشنر میجر جنرل لیو لی، سنٹرل ملٹری کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سونگ دان ، پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی ڈونگ، چینی سفارتخانہ کے اعلیٰ حکام اور وزیر دفاع کے وفد کے ارکان نے شرکت کی۔

اس موقع پر پڑھے گئے توصیفی بیان میں کہا گیا کہ جنرل چانگ وان کوان پاکستان کے ایک عظیم دوست ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے علاوہ دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ پاک چین تعلقات کے استحکام کے لئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر نے انہیں ہلال پاکستان عطا کیا ہے۔

بعدازاں چینی وزیر دفاع نے اپنے وفد کے ہمراہ صدر مملکت سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات بالخصوص دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ دوستی سٹریٹجک مفادات میں ہم آہنگی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف، بھرپور باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے پائیدار مفاد پر مبنی ہے۔

اپنے چین کے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ انہوں نے وسیع تر دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر چینی قیادت کے ساتھ مفید اور تعمیری تبادلہ خیال کیا۔ امید ہے کہ ان کے دورہ سے دو طرفہ تجارت اور باہمی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی حیرت انگیز معاشی ترقی سے متاثر ہے اور دفاع، توانائی، صنعت، زراعت، مواصلات اور تجارت کے شعبوں میں اس کی مہارت سے استفادہ کا خواہاں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر مواصلاتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا جاری شاندار منصوبہ پورے خطہ کو فعال، تجارت، توانائی اور اقتصادی راہداری میں تبدیل کرنے کے علاوہ پاک چین دو طرفہ تجارت کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گا۔ پاک چین دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان دفاعی میدان میں خودکفالت کے حصول کی اپنی کوششوں میں چین کی قابل قدر معاونت کو بہت تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر صدر نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی اور سٹریٹجک استحکام میں چین کے فعال کردار پر چینی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے چینی شہریوں ، انجینئرز اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت چینی شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور یقین دلایا کہ حکومت نے ان کے تحفظ اور سلامتی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔

جنرل چانگ وان کوان نے ”ہلال پاکستان“ عطا کرنے پر صدر اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مزید گہری ہو گی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشدمحمودسے چینی وفدکی وزیردفاع جنرل چانگ وان کوان کی قیادت میں ملاقات۔دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق جمعہ کے روزچین کے وزیردفاع جنرل چانگ وان کوان کی قیادت میں پاکستان کے دورے پرآئے ہوئے چینی وفدنے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرزکادورہ کیا۔اس موقع پرپہلے مرحلے میں چینی وزیردفاع نے جنرل راشدمحمودسے ون ٹوون ملاقات کی اس کے بعدوفودکی سطح پربھی بات چیت کی گئی ،جس میں دفاعی تعاون اورمشترکہ فوجی تربیت سمیت دیگرپیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔

قبل ازیں جوائنٹ ہیڈکوارٹرآمدپرچینی وفدکاوالہانہ استقبال کیاگیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے چینی وزیر دفاع چینگ ونکوئن کی زیرِ قیادت وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر ایک ساتھ رہیں اور باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات کے دوران دونوں فضائی افواج کے درمیاں دو طرفہ دفاعی تعاون کو بڑھا نے کے طریقہ کار اور دونوں ممالک کی ایوی ایشن انڈسٹری پر بھی بات چیت ہوئی۔