مجاہدین کی کارروائیوں سے تنگ بھارتی افواج باہمی انتشار کا شکار،مقبوضہ کشمیر میں ایک فوجی نے اپنے 5 ساتھیوں کو ہلاک کرکے اپنی زندگی کا چراغ بھی گل کردیا‘ رنبیر سنگھ صنعا پورہ میں تعینات تھے‘ رات 2 بجے ایک کیمپ میں داخل ہوئے اور سوئے ہوئے ساتھیوں پر فائرنگ کردی‘ ایک اہلکار کی حالت نازک ،2011ء کے بعد باہمی چپقلش کادوسرا بڑا واقعہ‘ معصوم کشمیریوں کے خون سے کھیلنے والے فوجیوں کے ذہنی تناؤ کا پول کھل گیا

جمعہ 28 فروری 2014 06:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی کارروائیوں سے تنگ بھارتی فوجی نے اپنے 5 ساتھیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تعینات 15 ویں کور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شمالی کشمیر کے علاقے صنعاپورہ میں اس وقت پیش آیا جب راشٹریہ رائفلز کا اہلکار رنبیر سنگھ رات 2 بجے ایک بیرک میں داخل ہوا اور اپنے سوئے ہوئے ساتھیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

فوجی حکام کا کہنا تھا کہ رنبیر سنگھ کا اپنے ساتھیوں سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور اس نے موقع پاکر ان کا کام تمام کردیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے اس تازہ واقعہ میں 5 فوجیوں کی ہلاکت نے بھارت کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے کہ کشمیر میں تعینات اس کی فوج کا مورال بلند ہے۔ معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام میں مصروف بھارتی فوجیوں کے درمیان باہمی چپقلش‘ بے چینی اور ذہنی تناؤ آئے روز بڑھتا جارہا ہے۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ تین سالوں میں باہمی لڑائی اور خودکشی کے 75 واقعات رونماء ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل 2011ء میں بھی اننت ناگ اسلام آباد میں ذہنی تذبذب کے شکا ایک بی ایس ایف اہلکار نے اپنے 4 ساتھیوں کو موت کے گھات اتار دیا تھا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلسل جنگ کے باعث فوجی اہلکاروں میں نفسیاتی تبدیلیاں رونماء ہوگئی ہیں جبکہ ایک فوجی افسر نے بتایا کہ جنگ زدہ علاقے میں طویل عرصے تک قیام اور گھر والوں سے مسلسل دور رہنے کی وجہ سے فوجی اہلکاروں کی اکثریت چڑچڑے پن کا شکار ہوچکی ہے۔