پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں ، خواجہ محمد آصف ،بیجنگ کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا سنگ میل ہے،پاکستان تائیوان کے ایشو پر ون چائنہ پالیسی کا حامی ہے پاکستان چین کے ساتھ تجارت و توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے،چینی ہم منصب سے گفتگو،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات ، وفود کی سطح پر دو طرفہ بات چیت بھی کی

جمعہ 28 فروری 2014 06:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں ، بیجنگ کے ساتھ دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا سنگ میل ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے چینی ہم منصب چانگ وانگوان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزارت دفاع راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی ۔

چینی وزیر دفاع کی آمد کے موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے بامی اعتماد پر مبنی منفرد نوعیت کے تعلقات قائم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار باہمی ہم آہنگی اور اہم علاقائی وعالمی امور پر یکساں موقف پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تائیوان کے ایشو پر ون چائنہ پالیسی کا حامی ہے پاکستان چین کے ساتھ تجارت و توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن واستحکام کو برقرار رکھنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں بھی تعاون کا فروغ موجودہ وقت کا تقاضا ہے اس موقع پر چینی وزیر دفاع نے بھی پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ادھرچیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے چینی وزیر دفاع چانگ وانکیان کی جنرل ہیڈکوارٹر میں ملاقات ، وفود کی سطح پر دو طرفہ بات چیت بھی کی گئی ۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق میٹنگ میں باہمی دلچسپی ، علاقائی ، سکیورٹی اور دوطرفہ دفاعی شراکت بڑھانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی ۔ اس سے پہلے جنرل ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے دفاعی وزیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا وزیر دفاع نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔