پی ٹی آئی نے پشاور ہائی کورٹ کے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے فیصلے کی روشنی میں 97روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا،دھرنے کے خاتمے کا فیصلہ اسلام آباد تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا

جمعہ 28 فروری 2014 06:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے دئے گئے فیصلے کی روشنی میں پشاور میں 97روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا ۔دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ اسلام آباد میں منعقدہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت پارٹی چیئرمین عمران خان نے کی جبکہ دھرنے کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان دھرنے کے چیف آرگنائزر اور تحریک انصاف ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری یونس ظہیر مہمند ،بابائے دھرنا میجر (ر)فیاض خلیل اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے حیات آباد ٹول پلازہ پر قائم دھرنا کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

یونس ظہیر مہمند نے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کیخلاف 97روز سے دھرنادے رکھا تھا جسے آج پارٹی کی کور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دھرنے کے پریشر کی وجہ سے اوباما انتظامیہ ڈرون پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور ہوئی اور حالیہ وقت میں پاکستان میں ڈرون حملے بند ہیں جبکہ نیٹو نے طورخم کے راستے سپلائی روکنے کا بھی اعلان کیا،یہ تحریک انصاف کی کامیابی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کوئی مانے نہ مانے تحریک انصاف کے دھرنے نے اپنے مقاصد حاصل کئے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں ،تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے تاہم افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پشاورہائی کورٹ کی جانب سے ڈرون حملے رکوانے کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کروا سکتی جس میں صاف کہا گیا تھا کہ اگر امریکہ نے ڈرون حملے نہ روکے تو حکومت نیٹو سپلائی بند کرے یا ڈرون طیارے مار گرائے،انھوں نے وفاقی حکومت سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیرترین،صوبائی صدر اعظم سواتی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے دھرنے میں شرکت کرنیوالے تمام کارکنان اور اتحادیوں کو ان کی عز م و ہمت پر خراج تحسین پیش کیا اور مبارکبا د دی۔یاد رہے کہ دھرنا 23نومبر 2014کو پشاورمیں بڑے جلسے سے شروع ہوا تھا جسے گزشتہ روز 97دن پورے ہو گئے ۔