شمالی بحیرئہ عرب میں پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کا میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ ، ایڈمرل آصف سندیلہ کانے نیول فلیٹ کی جنگی تیار ی پر اپنے اطمینان کا اظہار ،فائرنگ میں حصہ لینے والے اسکواڈرنز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا

جمعرات 27 فروری 2014 06:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)شمالی بحیرئہ عرب میں بدھ کو پاک بحریہ کے جنگی بیڑے نے میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ امیرالبحر ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق کے ہمراہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر سے فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ فائر پاور کے اس مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل (FACM) اور سی کنگ ہیلی کاپٹرسے کئی اینٹی سرفیس میزائل فائر کیے گئے ۔

تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایاجو پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار ہے۔ سطح سمندر اور فضا سے حملہ کرنے کی آپریشنل صلاحیت اور اہلیت نے پاک بحریہ کو ایک نئے دور میں داخل کردیا ہے اور اس کی دفاعی قوت میں قابل قدر اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمرل آصف سندیلہ نے نیول فلیٹ کی جنگی تیار ی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور فائرنگ میں حصہ لینے والے اسکواڈرنز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے فلیٹ کے افسروں اور جوانوں کے عزم وحوصلے اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے تما م تر کو ششیں کی جارہی ہیں تاہم بحریہ کے موجودہ اسلحے اور سازوسامان کو مکمل طور پر قابل استعمال رکھنے کے لیے بھی مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں سمندر میں قابل اعتماددفاع کی مسلسل موجودگی نہ صرف بحری حدود کی سلامتی بلکہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہمیت کی حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :