فوجی آپریشن سے ہمیں بہت کم لیکن قبائلی عوام کو بہت زیادہ نقصان پہنچے گا جس سے ہمیں ان کی ہمدردیاں حاصل ہوں گی،ٹی ٹی پی کا دعویٰ،حکمران خوش فہمی میں ہرگز نہ رہیں کہ غیور قبائل انہیں پھر پھولوں کا ہار پہنائیں گے،شاہد اللہ شاہد،میڈیا ہماری کارروائیوں کے اعداد و شمار ضرورجاری کرے مگر بنیادی اسباب پر بھی توجہ دے، بیان

جمعرات 27 فروری 2014 06:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی آپریشن سے انہیں بہت کم لیکن قبائلی عوام کو بہت زیادہ نقصان پہنچے گا جس سے انہیں ان کی ہمدردیاں حاصل ہوں گی،حکمران اس خوش فہمی میں پھر ہرگز نہ رہیں کہ غیور قبائل آپ کو جواب میں پھولوں کا ہار پہنائیں گے،میڈیا ہماری کارروائیوں کے اعداد و شمار ضرورجاری کرے مگر وہ بنیادی اسباب پر بھی توجہ دے۔

بدھ کو میڈیا کو جاری ہونیوالے ایک بیان میں طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر اس ملک کے حکمران ان کاروائیوں کی روک تھام میں مخلص ہیں تو انہیں اس جنگ کے بنیادی اسبا ب پر توجہ دینا ہو گا ، جب تک ان اسباب کا خاتمہ نہیں ہو گا اورلندن میں بیٹھے الطاف حسین جیسے سیانوں کے مشوروں پر عمل ہوتا رہے گا تو اس جنگ میں روز افزوں اضافہ تو ہوگالیکن اس میں کسی قسم کی کمی دیوانے کا خواب ہی ثابت ہوتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اس جنگ کے بنیادی اسباب میں امریکہ اور نیٹو کا فرنٹ لائن اتحادی بننا،امارت اسلامی کے سقوط میں بھر پور کردار ادا کرنا ،چند ڈالروں کے عوض عرب مجاہدین کی بہت بڑی تعداد میں گرفتاری اور امریکہ کو حوالگی،اپنے ہی ملک کے غیرت مند مسلمانوں کے خلاف بد ترین فوجی آپریشنز،ملک کے طول و عرض میں مجاہدین کی آڑ میں بیگناہ لوگوں کی بے دریغ گرفتاریاں،لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے خلاف پوری ریاستی قوت کا استعمال،گرفتار ساتھیوں کی مسلسل مسخ شدہ لاشیں پھینکنا،دہشت گردی کے نام پر مدارس اور دین دار طبقے کے خلاف شر انگیز میڈیا مہم ،اسلام دشمن عناصر کو کھلی چھٹی دینا کہ وہ جو چاہیں کہتے اور کرتے پھریں اور ملک کے ایوانوں سمیت ہر سطح پر اسلام اور شریعت کا کھلا مذاڑانا شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ انہی وجو ہات کی بنا پر یہ جنگ آگ کی طرح پھیلتی چلی گئی اور زور دار کاروائیاں ہیں کہ ہر نئے اقدام کو بیکار کئے دیتی ہیں لہذا ہم پاکستان کے حکمرانوں اور پاکستانی میڈیا سے یہ عرض کرتے ہیں کہ اعداد و شمار ضرور جمع کریں لیکن اس کے ساتھ ہی ان اسباب کو بیان کرنے میں بخل نہ کریں جوان کاروائیوں کا اصل سبب ہیں، اگر ان اسباب کے خاتمے کی طرف توجہ دی جائے تو ان کاروائیوں کی شرح میں حیرت انگیز کمی واقع ہو سکتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جہاں تک فوجی آپریشن کی بات ہے تو ہم اس کے شاندار نتیجے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ہمیں پورا یقین ہے کہ اس آپریشن میں طالبان مجاہدین کا نقصان نہایت کم اور قبائلی بے گناہ عوام کا بے پناہ نقصان ہو گا۔یہ نقصان جن لوگوں کے ہاتھوں ہو گا وہ اس خوش فہمی میں پھر ہرگز نہ رہیں کہ غیور قبائل آپ کو جواب میں پھولوں کا ہار پہنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :