وزیراعظم نے پاکستان میں چین کی جانب سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں میں پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ، پاکستان میں چینی سرمایہ کاری غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ہے،نواز شریف ،معیشت کی بحالی حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے حکومت مشکل فیصلے کررہی ہے، بریفنگ میں گفتگو

جمعرات 27 فروری 2014 06:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خوش آئند ہے جس سے پاکستان میں دستیاب مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے گی جبکہ وزیراعظم نے پاکستان میں چین کی جانب سے شروع کئے جانیوالے منصوبوں میں پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے ۔

بدھ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی جانب سے دی جانیوالی بریفنگ کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ معیشت کی بحالی حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے حکومت مشکل فیصلے کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے وسائل کو دستیاب بنایا گیا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سرمایہ کار دستیاب مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ ملک کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر ڈال سکیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں آگا کرتے ہوئے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں سولہ منصوبوں میں چینی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے جن میں کوئلے ،شمسی توانائی اور پن بجلی کے منصوبے شامل ہیں یہ قلیل اور وسط مدتی منصوبے ہوں گے جن سے بجلی کی پیداوار پانچ سالوں میں حاصل ہوسکے گی ۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کو بتایا کہ ان منصوبوں کے علاوہ چین سرمایہ کاروں نے گوادر پورٹ کی ترقی اور گوادر ائرپورٹ کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے اس موقع پر وزیراعظم نے ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پیش رفت کی نگرانی کرنے کی غرض سے ایک چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار ،احسن اقبال سمیت وزیراعظم کے سیکرٹری شامل ہوں گے یہ کمیٹی مستقل بنیادوں پر وزیراعظم کو آگاہ ر کھے گی ۔