عمران خان کی جھنگ میں ضمنی انتخابات کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی مداخلت کی مذمت ‘ الیکشن کمیشن کے کردار پر تحفظات کا اظہار، 3مارچ کو جھنگ کے عوام نظام کی تبدیلی کیلئے نکلیں گے اور نئے پاکستان کی تعمیر کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے،روایتی اور فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور استحصالی نظام کے خلاف اپنا فیصلہ دینا ہوگا، جھنگ میں حلقہ PP-81میں جلسہ عام سے خطاب

جمعرات 27 فروری 2014 06:52

لاہور،جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جھنگ میں ضمنی انتخابات کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 11مئی کو عام انتخابات کے موقع پر وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی جس کی تحقیقات سے گریز کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب کے حکمران مسلسل دھونس اور دھاندلی کے ذریعے انتخابات آلوہ کرنے کی روایت پر کار بند ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 4حلقوں کے نتائج کی جانچ میں تاخیر پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3مارچ کو جھنگ کے عوام نظام کی تبدیلی کیلئے نکلیں گے اور نئے پاکستان کی تعمیر کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

روایتی اور فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے عوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا اور استحصالی نظام کے خلاف اپنا فیصلہ دینا ہوگا‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھنگ میں حلقہ PP-81میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہن اتھا کہ 11مئی کو عوام نے بڑی تعداد میں بلے کے نشان پر مہر لگائی تاہم نتائج کو تبدیل کیا گیا اور شیر فتحیاب قراردیا گیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی پر پردہ پوشی کیلئے 4حلقوں کے نتائج کی جانچ سے گریز کیا جا رہا ہے اور متعدد درخواستوں کے باوجود مسلم لیگ نواز اعلی عدلیہ سے حکم امتناعی سمیت دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق کے عمل سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق اگر تحریک انصاف حکومت میں ہوتی تو حزب اختلاف جس حلقے کی نشاندہی کرتی اس کے نتائج کی جانچ کا حکم دیا جاتا‘اپنے خطاب میں ضمنی انتخاب کے دوران عوام کو فرسودہ اور ظالمانہ نظام کے خلاف نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں نئے پاکستان کی بنیاد ڈال چکی ہے۔

پولیس پٹوار اور تھانوں کے ذریعے ظلم و ستم کے نظام کا خاتمہ کیا جا چکا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاست سے پاک کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پنجاب میں 25برس سے حکومت کرنے والی جماعت نے عوام کو لاقانونیت، بے روزگاری اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا اور حالات اس قدر بگاڑے ہیں کہ غریب معمولی جرم پر پس زنداں جبکہ بڑے جرائم پیشہ عناصر طاقت کے ایوانون میں پہنچے ہیں۔

انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ گذشتہ آٹھ ماہ میں پنجاب میں چھٹی اور مرکز میں تیسری مرتبہ حکومت کرنے والوں نے بے روزگاری کے خاتمے، عوام کو انصاف کی فراہمی اور تھانوں کا غلط استعمال روکنے کیلئے کیا کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجوہ حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے غریب پر مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے جبکہ امراء ٹیکس چوری اور عوام کی دولت پر عیش و عشرت کی زندگیاں بسر کرنے میں مصروف ہیں۔

ان کے مطابق نظام کی تبدیلی کیلئے عوام کو 3مارچ کو نکلنا ہوگا اور تبدیلی کے نشان پر مہر لگانا ہو گی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی جنگ کی وجہ سے پاکستان بدترین دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غدار اور منافق ٹولے نے پوری قوم کو بے انتہا بدامنی اور فتنہ و فساد کی جانب دھکیلا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

پنجاب حکومت کی زرعی پالیسی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہندوستان میں حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کی سرپرستی کرتی ہے اور انہیں بیج پانی اورکھادیں وغیرہ انتہائی ارزاں نرخوں پر فراہم کیے جاتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں کا شتکار کا استحصال کیا جاتا ہے۔ کسانوں کی بہبود کو تحریک انصاف کے منشور کا مرکزی نکتہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ سے خوشحال کاشتکار کو مضبوط اور معیشت کی بنیاد سمجھتی ہے اور حکومت سے زرعی لوازمات ارزاں نرخوں پر فراہمی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کرتی ہے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ 3مارچ انشاء اللہ تحریک انصاف کی فتح کی نوید لائے گا۔ جلسہ عام سے تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی، سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات، حلقہ PP-81سے تحریک انصاف کے امیدوار رائے تیمور بھٹی، پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔