آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کوٹری رینجز کا دورہ ، آرمی چیف نے فیلڈ فائرنگ اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا ، شریک دستوں کی تربیت اور معیار کی تعریف ، اہداف کو مہارت سے نشانہ بنانے کو سراہا ،قوم کی پشت پناہی کے ساتھ مادر وطن کو درپیش ہر قسم کے خطرے کو شکست دینے کا مشن پورا کرسکتے ہیں ، جنرل راحیل شریف

جمعرات 27 فروری 2014 06:52

کراچی /راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27فروری۔ 2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل کا کوٹری رینجز کا دورہ ، کراچی کور کی فیلڈ فائرنگ اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا ۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ان مشقوں کا مقصد جنگی حالات میں مختلف آپریشنز میں دستوں کی تربیت کرنا ہے ۔ زمینی فائرنگ کے حصے کے طور پر پاکستان ایئرفورس کے جنگی طیاروں اور مشینی ڈویژن فوجی فائرنگ کی گاڑیوں نے بھی فائرنگ کی مشقوں میں شرکت کی ۔

آرمی چیف نے شریک دستوں کی تربیت کے معیار کی تعریف کی اور ان کی مہارت ، اہداف کومہارت سے نشانہ بنانے کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ زمانہ امن میں سخت تربیت اور تیاری کے اعلیٰ معیار ہی امن کی ضمانت ہیں جدید تکنیک میں پہل ، دشمن کے وار کو روکنا اور جنگی طریقوں پر عبور روایتی اور غیر روایتی تمام قسم کے فوجی آپریشنوں کی کامیابی کے لئے ضروری ہے اس موقع پر آرمی چیف نے تمام افسران سے کہا کہ وہ خطرات کا تیز اور موثر جواب دینے کیلئے تربیت اور جنگی تیاریوں پر توجہ مرکوز رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا اور واضح الفاظ میں کہا کہ قوم کی پشت پناہی کے ساتھ ہم پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق مادر وطن کو درپیش ہر قسم کے خطرے کو شکست دینے کا مشن پورا کرسکتے ہیں اس سے پہلے کوٹری پہنچنے پر کراچی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔