ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے عہدہ پرتعیناتی کے لئے عمل جاری ہے ، سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ، جلد مستقل چیئرمین کا تقرر کر دیا جائے گا،بلیغ الرحمن، اسلامی یونیورسٹی کی طرف سے اپنے صدر کی رہائش کے لئے ہاؤس رینٹ کے ضمن میں کوئی ادائیگی نہیں کی جا رہی، انہیں اس وقت تین لاکھ مشاہرہ دیا جا رہا ہے،سابق چیئرمین نادرا کے مقناطیسی سیاہی استعمال نہ کرنے کے بیان سے ہم اتفاق نہیں کرتے، نادرا کے ساتھ ڈیل کرنا پارلیمان امور کی وزارت کا کام نہیں،شیخ آفتاب کا سینٹ میں جواب

بدھ 26 فروری 2014 07:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء)وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہاہے کہ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے عہدہ پرتعیناتی کے لئے عمل جاری ہے ، سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہیں، جلد مستقل چیئرمین کا تقرر کر دیا جائے گا، مستقل چیئرمین نہ ہونے سے کوئی کام رکا نہ ہی طلباء کا کوئی نقصان ہوا،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی طرف سے اپنے صدر کی رہائش کے لئے ہاؤس رینٹ کے ضمن میں کوئی ادائیگی نہیں کی جا رہی اور انہیں اس وقت تین لاکھ مشاہرہ دیا جا رہا ہے،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں مقناطیسی سیاہی استعمال کی گئی، سابق چیئرمین نادرا کے مقناطیسی سیاہی استعمال نہ کرنے کے بیان سے ہم اتفاق نہیں کرتے، نادرا کے ساتھ ڈیل کرنا پارلیمان امور کی وزارت کا کام نہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو سینٹ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ عام انتخابات میں مقناطیسی سیاہی کے استعمال کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کا کام تھا نادرا کا نہیں، مقناطیسی سیاہی کے چار لاکھ 45 ہزار پیکٹس پورے پاکستان میں تقسیم کئے گئے اور انتخابی حلقوں میں پولنگ سٹیشنوں پر بھجوائے گئے، نادرا کے سابق چیئرمین کی طرف سے مقناطیسی سیاہی استعمال نہ کرنے کے بیان سے ہم اتفاق نہیں کرتے۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا کے ساتھ ڈیل کرنا پارلیمان امور کی وزارت کا کام نہیں، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مقناطیسی سیاہی ہر پولنگ سٹیشن پر بھیجی گئی اور استعمال کی گئی، اگر نادرا کا جواب لینا ہے تو یہ سوال نادرا کو بھجوایا جائے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ووٹرز کو پتہ نہیں ہوتا کہ انگوٹھے کا نشان کیسے لگانا ہے، ہم نے مقناطیسی سیاہی ہر پولنگ سٹیشن پر پہنچا دی جو ہمارا کام تھا۔

انہوں نے کہا کہ بغیر نئی مردم شماری کے انتخابی حلقہ بندیوں کا معاملہ قانونی ہے یا غیر قانونی اس معاملے پر وزارت قانون سے جواب حاصل کیا جائے کیونکہ یہ قانونی سوال ہے۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری کے استفسار پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا کہ آخری مردم شماری 1998ء میں ہوئی تھی اور ان کی بنیاد پر انتخابی حلقہ بندیاں قانونی تھیں۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 22 ہزار 132 کلومیٹر لمبی سڑکیں موٹروے اور نیشنل ہائی وے کے دائرہ کار میں آتی ہیں، قومی شاہراہوں کی تعمیر کے کئی منصوبے زیر عمل ہیں جن کے لئے فنڈز کا انتظام کیا جا رہا ہے، فاٹا کا مقصد بھی ہمارے لئے اہمیت رکھتا ہے، ارکان وہاں سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے تجاویز دیں ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

گوادر کاشغر شاہراہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ شاہراہ بلوچستان سے 800 اور سندھ سے 30 کلومیٹر گزرے گی اس شاہراہ کا سب سے زیادہ حصہ بلوچستان میں ہی ہے۔ وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلباء ٹیچنگ اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں، یہ نچلی سطح کی کلاسوں کو پڑھاتے ہیں، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسیں نہیں لیتے۔

وزیر برائے قومی خوراک کا تحفظ و تحقیق کی طرف سے رانا تنویر حسین نے بتایا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں اہم فصلوں کی نئی اقسام تیار کی گئی ہیں، 2010-11ء کے عرصے کے دوران ملک میں اہم فصلوں کے رقبے اور پیداوار میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا، اسی طرح سے فی ایکڑ پیداوار میں بھی ان فصلوں میں اضافے کا رجحان رہا جبکہ 2011-12ء کے دوران فی ایکڑ پیداوار کمی کا رجحان نظر آیا، پام آئل کی سندھ اور بلوچستان میں کاشت شروع کی گئی تھی کچھ شجرکاری کی گئی تھی۔

ابھی تک پام آئل 70 سے 80 فیصد تک درآمد کیا جاتا ہے، امپورٹ بل میں پام آئل کا پٹرولیم کے بعد دوسرا نمبر ہے، درآمد شدہ گندم اور پام آئل پر انحصار کم کرنے کے لئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے عہدہ پر 3 ماہ کے لئے قائمقام چیئرمین لگایا جا سکتا ہے، چیئرمین کے عہدے کے لئے پورا پراسیس کیا جا رہا ہے، پہلے دو چیئرمینوں کو بغیر کسی پروسیس کے لگایا گیا، اب ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر سفارشات فائنل کر لی گئی ہیں اور سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہیں، جلد مستقل چیئرمین کا تقرر کر دیا جائے گا، مستقل چیئرمین نہ ہونے سے کوئی کام رکا نہ ہی طلباء کا کوئی نقصان ہوا کیونکہ قائمقام چیئرمین کے پاس بھی تمام اختیارات ہوتے ہیں، مستقل چیئرمین کا تقرر آج کل میں کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین کی اسامی گریڈ 20 کی ہے، یہ عہدہ خاص مدت کے لئے ہوتا ہے، ہم نے اس عہدے پر تقرری کے لئے ایک شفاف طریق کار وضع کیا اور سابق حکومت کی طرف کسی طریق کار کے بغیر کسی کو چیئرمین نہیں لگایا، ایک کمیٹی نے انٹرویو کر کے امیدوار کو شارٹ لسٹ کر کے تین نام فائنل کر کے وزیراعظم کو بھجوا دیئے جن میں سے چیئرمین کا تقرر جلد کر دیا جائے گا۔

بلیغ الرحمن نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی طرف سے اپنے صدر کی رہائش کے لئے ہاؤس رینٹ کے ضمن میں کوئی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے اس بارے میں یونیورسٹی نے واضح جواب دیا ہے، نئے صدر سعودی شہری ہیں اور ان کی کوششوں سے یونیورسٹی کو کافی بیرونی امدادملی ہے۔ انہیں اس وقت تین لاکھ مشاہرہ دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :