کالعدم تحریک طالبان کا عصمت اللہ شاہین بیٹنی کی ہلاکت کا اعتراف،یہ پاکستان کے خفیہ اداروں کی کارستانی ہے اور ہم دشمن کے حربوں سے ہرگز غافل نہیں،ترجمان،سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے شاطر دماغوں کے ڈرون کے متبادل شروع کیے جانے والے خطرناک پروگرام پر ہماری پوری نظر ہے، انکے خفیہ ایجنٹوں کو جلد پکڑ کر نشان عبرت بنا دیں گے،مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کا بیان

بدھ 26 فروری 2014 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے رہنما عصمت اللہ شاہین بیٹنی کی ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شہادت طالبان کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے،یہ پاکستان کے خفیہ اداروں کی کارستانی ہے اور ہم دشمن کے حربوں سے ہرگز غافل نہیں،سی آئی اے اور آئی ایس آئی کی شاطر دماغوں کے ڈرون کے متبادل کے طور پر شروع کیے جانے والے اس خطرناک پروگرام پر ہماری پوری نظر ہے، انکے خفیہ ایجنٹوں کو جلد پکڑ کر نشان عبرت بنا دیں گے اور ان کی مذموم سازشوں کو اللہ کے فضل سے ناکام بنائیں گے۔

منگل کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں اعتراف کیا گیا کہ امیر محترم عصمت اللہ شاہین بیٹنی پیر کو بمقام درگہ منڈی شمالی وزیرستان میران شاہ میں شہید کیے گئے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ شاہین شہید تحریک طالبان پاکستان کے اہم اور سنجیدہ قائدین میں سے تھے،یقیناآپ رحمہ اللہ کی شہادت سے تحریک طالبان کو ایک ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،آپ کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلا پر کرنا مشکل ہوگامگر ہم جانتے ہیں کہ مجاہد کی اول وآخر تمنا اورآرزوشہادت ہی ہوتی ہے،لہذا امیر محترم عصمت اللہ شاہین بھی ان خوش نصیبوں میں سے ہیں جنہوں نے کافی طویل جہادی جد وجہد کے بعدبالآخر اس عظیم سعادت کو حاصل کر ہی لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تحریک طالبان پاکستان امت مسلمہ کو آپ کی شہادت وسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اسلام دشمن قوتوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ تحریک طالبان میں شاہین شہید جیسے ہزاروں شاہین تم پر جھپٹنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں،ہم انکے جہادی مشن کو شہید قائدین کی وصیت کے مطابق پوری قوت کے ساتھ جاری وساری رکھیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ شاہین شہید کی شہادت پاکستانی خفیہ اداروں کی کارستانی ہے جو ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک طالبان کو بڑے نقصان سے دوچار کرنا چاہتی ہے،مگرہم تحریک کے مجاہدین کے ساتھ پیش آنے والے ہر واقعے کو تنقیدی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورہرگز دشمن کے حربوں سے غافل نہیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ سی آئی اے اور آئی ایس آئی کی شاطر دماغوں کے ڈرون کے متبادل کے طور پر شروع کیے جانے والے اس خطرناک پروگرام پر ہماری پوری نظر ہے، انکے خفیہ ایجنٹوں کو جلد پکڑ کر نشان عبرت بنا دیں گے اور ان کی مذموم سازشوں کو اللہ کے فضل سے ناکام بنائیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ امت مسلمہ کو ایسے ابطال پر فخر ہے جو بے سرو سامانی کی حالت میں وقت کے طاغوتوں کے ساتھ ٹکراتے رہے اور الحمدللہ انکو سرنگوں ہونے پر مجبور کرتے رہے،آپ نے اسلام اور مسلمانوں کے لئے جو بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں وہ الحمدللہ اسلام کی بالادستی کی بنیادیں بنا چکی ہیں ،امت کے نوجوانوں کو آپ کی شہادت ایک عظیم جدوجہد کا واضح درس دے رہی ہے۔