پاکستان میں امن کی بحالی اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائینگے،نواز شریف،ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قومی سلامتی کو مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، جی ڈی پی میں واضح بہتری نظر آرہی ہے، آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی، عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے قومی سلامتی کو مضبوط بنانا ضروری ہے اس سے پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ا عتماد بھی بحال ہوگا ،وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب،کابینہ نے متفقہ طور پر قومی سلامتی پالیسی منظوری دے دی، وزیر داخلہ اس کے بارے آج قومی اسمبلی کو پالیسی بیان دینگے

بدھ 26 فروری 2014 06:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان میں امن کی بحالی اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائینگے ،ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے قومی سلامتی کو مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، منگل کو یہاں وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے حکومت نے ملک کو بحران سے نکالنے کا تہیہ کررکھا ہے صورتحال بہتر ہورہی ہے اور قومی معیشت بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں واضح بہتری نظر آرہی ہے اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بہتر ہوگی ۔

(جاری ہے)

ملکی معیشت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی فعال توانائی پالیسی کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ۔ بجلی اور گیس کی فراہمی کی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے اور یہ نتائج بجلی کے شعبے میں بہتر منصوبہ بندی اور نظم و نسق سے سامنے آئے ہیں ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں صورتحال مزید بہتر ہوگی ۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار خصوصاً چین نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور آئندہ پانچ سالوں میں مختلف منصوبوں میں تقریباً پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وعدے کئے گئے ہیں ۔ چین 35ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بجلی کے شعبے میں کرے گا جس میں شمسی توانائی ، ہوا اور پانی سے بجلی کے پیداواری منصوبے شامل ہیں ۔

حکومت کی طرف سے قبل ازیں شروع کئے گئے منصوبوں کے علاوہ یہ منصوبے مکمل کئے جائینگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی لاہور موٹروے ، گڈانی پاور پارک میں کوئلہ سے چلنے والے دس بجلی کے منصوبے اور قراقرم ہائی وے کے رائی کوٹ ہری پور سیکشن کی بہتری سمیت قومی اہمیت کے دیگر منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور یہ منصوبے چین کی مدد سے مکمل ہونگے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے قومی سلامتی کو مضبوط بنانا ضروری ہے اس سے پاکستان پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ا عتماد بھی بحال ہوگا ۔ کابینہ نے متفقہ طور پر قومی سلامتی پالیسی منظوری دی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس کے بارے میں 26فروری کو قومی اسمبلی کو پالیسی بیان دینگے ۔