`ججز نظربندی کیس ، مشرف کی ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور،عدالت نے آئندہ سماعت پر مشر ف کی میڈیکل رپورٹ طلب کر لی ، مشرف کی مستقل حاضری سے متعلق درخواست پر میرٹ پر فیصلہ ہوگا‘ جج عتیق الرحمان

منگل 25 فروری 2014 07:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ، عدالت کا کہنا ہے کہ مستقل حاضری سے متعلق درخواست پر میرٹ پر فیصلہ ہوگا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ کہاں ہے ، پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے کہا کہ اے ایف آئی سی کے ڈاکٹر میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کر رہے ، عدالت اے ایف آئی سی کے ڈاکٹروں کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے۔

جج عتیق الرحمان نے کہا کہ عدالت ایسا کوئی حکم نہیں دے گی، آپ خود آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کریں۔عدالت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی مستقل حاضری سے متعلق درخواست پر میرٹ پر فیصلہ ہوگا۔ججز نظر بندی کیس کی مزید سماعت سات مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :