شمالی وزیرستان‘گاڑی پر فائرنگ،طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین 3ساتھیوں سمیت ہلاک،عصمت اللہ شاہین کالعدم تحریک طالبان کے مرکزی شوریٰ کا سابق امیر تھا

منگل 25 فروری 2014 07:35

میرانشاہ(رحمت اللہ شباب ۔ اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء) شمالی وزیر ستان میں درگاہ منڈی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین بیٹنی اپنے 3 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین طالبان مرکزی مجلس شوریٰ کا سابق امیر تھا اور اس کا تعلق ٹانک سے تھا۔فائرنگ سے عصمت اللہ کا ڈرائیور اور دیگر2 ساتھی بھی موقع پر مارے گئے۔

سکیو ر ٹی اورخاندانی ذرائع نے عصمت اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔عصمت اللہ شاہین ایف سی کے خلاف کارروائیوں اور ٹانک میں ہونے والے حملوں میں ملوث رہا ہے۔فائرنگ کا واقعہ پیر کی صبح میران شاہ کے قریب غلام خان میران شاہ روڈ پر پیش آیا۔، تاہم اب تک تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے ان کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ برس امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد عصمت اللہ شاہین نے نئے امیر کے تقرر تک تخریک طالبان پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے امیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں تھیں۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ عصمت اللہ شاہین کا شما ر انتہا ئی اہم کما نڈرو ں میں ہو تا تھا۔ادھر کرم ایجنسی میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق کرم ایجنسی کی چیک پوسٹ خان ٹنڈاؤ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا جس میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ادھر میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر رات گئے تین راکٹ داغے گئے۔

متعلقہ عنوان :