سیکولر اور مغربی لابیاں ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہیں،منورحسن، نواز شریف طالبان اور حکومتی کمیٹیوں سے خود ملاقات کرکے ملک میں امن کی راہ ہموار کریں،امیرجماعت اسلامی پاکستان

پیر 24 فروری 2014 05:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24فروری۔2014ء)امیرجماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے کہا ہے کہ نواز شریف طالبان اور حکومتی کمیٹیوں سے خود ملاقات کرکے ملک میں امن کی راہ ہموار کریں۔ وہ فوج کا نمائندہ بھی مذاکرات میں شامل کرسکتے ہیں۔ سیکولر اور مغربی لابیاں ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے میں مصروف ہیں۔ شریعت پر عمل کرکے ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔

ایمان کی دولت اور قوت سے بدعنوانیوں کے خلاف مقابلہ سنت رسولﷺ پر عمل سے ہی ہو سکتا ہے۔ اسلامی تحریکیں کسی بھی معاشرے میں اللہ تعالیٰ کا انعام ہوتی ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیا لا ت کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام المرکز اسلامی پشاور میں اُمیدواران رکنیت کے دو روزہ تربیتی اجتماع کے آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیدمنورحسن نے کہا کہ امریکہ ناٹو کے 46 ممالک کی افواج کے ساتھ پچھلے 12سالوں سے اپنے جدید ترین وسائل کے استعمال کے باوجود افغانستان کو فتح کرنے میں ناکام رہاہے۔ملک میں امن مذاکرات کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ اگر ملٹری آپریشن اور بندوق کی طاقت سے امن آتا تو امریکہ افغانستان کو کب کا فتح کر چکا ہوتا۔ پاکستان ملٹری آپریشن کے ذریعے اپنا ایک بازو کھو کر بنگلہ دیش بنا بیٹھا۔

بلوچستان اور سندھ میں آئین پاکستان کی مکمل خلا ف ورزی ہو رہی ہے،مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں طاقت کے استعمال سے ہزاروں لوگوں کونقل مکانی پر مجبور کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے خلاف امریکہ اور بھارت کی لابیاں کام کر رہی ہیں اور وہ پاکستان کو آگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا وفد افغانستان کے طالبان اور ملا عمر سے رابطے کے لئے بھیج کر ملک میں امن بحال کرنے کیلئے مدد لیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور ظلم کے باعث اپنے عروج پر ہے۔ 70سال سے ملک دیانتدار قیادت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی شریعت کے نفاذ میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔کارکن اس کے لئے ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر امریکہ اور سیکولر لابیاں امن کو خراب کرنے کیلئے کاروائیوں میں مصروف ہیں۔

اسرائیل اور بھارت یہ باور کرانے کی کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی ایٹمی قوت کو خطرہ ہے اور اسے بین الاقوامی قبضہ میں دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکمرانوں کو مینڈیٹ اس لئے دیا کہ وہ ملک میں امن لائے اور مہنگائی کی لعنت ختم کرنے میں آئین کے تحت اقدامات اُٹھائیں۔ حکمران بیورو کریسی اورسیکولر عناصر کی سازشوں سے خبرداررہ کر ملک کو ان حالات سے نکالنے کی کوشش کریں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان نے کہاکہ کمیٹیوں کا باضابطہ کوئی رابطہ نہیں ہوا بلکہ دونوں کمیٹیوں کا رابطہ میڈیا یا ٹاک شوز کے ذریعے ہورہا ہے ۔

اور شرائط بھی میڈیا کے ذریعے سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم پُر اُمید ہیں کہ موجودہ ڈیڈ لاک جلد ختم ہوگا اور مذاکرات دوبارہ شروع ہونگے۔